اقتصادی راہداری پر تحفظات بے جا‘ پاکستان کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں: چینی سفیر
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاک چین کی دوستی ہر امتحان میں پوری اتری ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی ہو گا۔ ہماری لازوال اوربے مثال دوستی دونوں ممالک کے علاوہ پورے خطے کیلئے مفید ہے جس میں وقت کے ساتھ مزید اضافہ ہو گا۔ چینی قیادت اور عوام پاکستان کو ایک مستحکم اور خوشحال ملک دیکھنا چاہتے ہیں جس کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ چین کے سفیر نے یہ بات ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل اور چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل سے ملاقات کے دوران کہی۔ انھوں نے کہا پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی ہیں جبکہ سی پیک سے متعلق پاکستان کے اقدامات سے ہم مطمئن ہیں۔ چین کے سفیر نے کہا اقتصادی راہداری کے بارے میںکاروباری برادری اور بعض دیگرحلقوں کے تحفظات بے جا ہیں۔ پاکستان میں ایسی اشیاء بہت کم بنتی ہیں جن کی چین میں مانگ ہو جسکی وجہ سے تجارتی توازن غیر متوازن ہے مگر چینی صنعتوں کے قیام کے بعد پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کسی چینی کمپنی کو پاکستان میں پرانی مشینری لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی انھوں نے بتایا سب سے پہلے نیشنل گرڈ میں گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی شامل کر کے پاکستان میں توانائی کا بحران ختم کیا جا رہا ہے جسکے بعد انفراسٹرکچر کو ترقی دی جائے گی اور اسکے بعد اکنامک زونز میں صنعتیں لگائی جائینگی جس کی سیکورٹی کا خاطر خواہ انتظام ضروری ہے تاکہ چینی ماہرین خود کو محفوظ سمجھیں۔پاکستانی کاروباری برادری کیلئے ویزہ کا حصول سہل بنایا جا رہا ہے۔