پوری قوم کی نظریں آئندہ انتخابات پر ہیں‘ مانیٹرنگ ونگ بنا دیا‘ سرخرو ہونگے: چیف الیکشن کمشنر
لاہور (این این آئی) چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان نے کہا ہے کہ پوری قوم کی نظریں الیکشن کمشن اور 2018ء کے عام انتخابات پر ہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے سر خرو ہوں گے، عام انتخابات کو مزید شفاف بنانے کیلئے باقاعدہ مانیٹرنگ ونگ تشکیل دیا گیا ہے جو ہر مرحلے میں ہر جگہ بھرپور مانیٹرنگ کریگا اور اپنی رپورٹ فوری طو رپر الیکشن کمشن کو دیگا، مردم شماری کا مرحلہ مکمل ہونے پر ہماری ذمہ داری بھی شروع ہونے والی ہے اور الیکشن کمشن کے افسران حلقہ بندی کے کام کیلئے آپ خود کو ذہنی طور پر تیار کرلیں۔ الیکشن میٹریل کو ڈی سنٹرالائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت تمام صوبائی الیکشن کمشنرز کو اپنی ضرورت کے مطابق اعلیٰ معیار کا الیکشن میٹرل خریدنے کے اختیارات دیدئیے گئے ہیں، نئے قانون کے تحت پولنگ سٹاف کو الیکشن کمیشن کے تابع کیا جا رہا ہے، انتظامی اور معاشی خودمختاری بھی حاصل ہونیوالی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں ریجنل اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر کو آر اوز عدلیہ سے لینے کی تجویز بھی دی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سے پُرزور اپیل کرتا ہوں کہ الیکشن کمیشن کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء کے عام انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن اور جوڈیشل کمیشن کی طرف سے کچھ تحفظات سامنے آئے جس میں افسران اور پولنگ سٹاف کی ٹریننگ پر خدشات کا اظہار کیا گیا تھا اسکو مد نظر رکھتے ہوئے ایک جامع حکمت عملی مرتب کی ہے جس میں اہم نکات میں افسران اور پولنگ سٹاف کی تربیت بھی شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات 2018ء کیلئے اپنے اپنے ضلع میں تمام اہل سرکاری ملازمین کا ڈیٹا جلد از جلد مکمل کر کے بھجوا دیں تاکہ جولائی 2017ء سے ان کی بروقت اور جامع ٹریننگ کا سلسلہ شروع کیا جا سکے اور بروقت یہ ضروری کام سرانجام تک پہنچا سکے۔