ممبئی حملہ کیس میں سست پیشرفت کا ذمہ دار بھارت ہے: عبدالباسط
نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن سے قونصلر رسائی کا فیصلہ ویانا کنونشن نہیں ملکی قوانین کے مطابق کیا جائیگا۔ ٹائمز آف انڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے عبدالباسط نے کلبھوشن تک قونصلر رسائی کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا بھارتی درخواست پر فیصلہ ملکی قوانین کے مطابق ہو گا۔ انہوں نے کہا 2015ء میں بھارت کے ساتھ کمپوزٹ ڈائیلاگ شروع کئے اور سرحد پار دہشتگردی کے مسئلے پر بھارت کے خدشات دور کرنے کا واحد راستہ ڈائیلاگ ہیں۔ ممبئی حملہ کیس میں سست پیشرفت کا ذمہ دار بھی بھارت ہے کیونکہ پاکستان کو 24بھارتی شہریوں کی شہادت ریکارڈ کر لی ہے۔ انہوں نے کلبھوشن کے حوالے سے کہا اگر کوئی پاکستانی بھی ایسا جرم کرے تو اس کو سزائے موت دی جاتی، انہوں نے کہا کہ کلبھوشن صدر پاکستان کو رحم کی اپیل کر سکتا ہے۔