• news

بھارت ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے‘ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے : آرمی چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا طرزعمل ریاستی دہشت گردی کی ہر تعریف پر پورا اترتا ہے۔ کشمیری عوام کا حق ہے کہ وہ بغیر خوف و خطر بغیر زندگی گزاریں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کے حاجی پیر سیکٹر کا دورہ کیا اور افسروں و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں کو حق خوداردایت کیلئے ان کی سیاسی جدوجہد میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ آرمی چیف نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اپنا غصہ نہتے کشمیریوں اور کنٹرول لائن پر واقع دیہی آبادی پر نکالتا ہے لیکن ہم نے اپنی روایات کے مطابق اپنا ردعمل صرف فوجی جواب تک محدود رکھنا ہے۔ پاکستانی افواج اپنی اقدار کے مطابق اس جارحیت کا بھرپور فوجی جواب دیتی رہے گی۔ کشمیریوں کے ساتھ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں خاص طور پر بچوں اور عورتوں پر ہونے والا تشدد لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب لوگوں کے جذبات کو ابھارتا ہے جبکہ ایل او سی کے اس طرف کے لوگ اس بربریت سے کبھی لاتعلق نہیں ہو سکتے۔ جنرل قمر باجوہ نے کہاکہ ہم کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق اور حق خودارادیت کی کوششوں میں ہمیشہ حمایت جاری رکھیں گے۔ اس دورہ کے موقع پر آرمی چیف کو جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور پاکستانی افواج کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی جوانوں کی آپریشنل تیاریوں اور بلند حوصلوں کی تعریف کی۔
آرمی چیف

ای پیپر-دی نیشن