• news

مصطفی کمال کی ملاقات‘ مفتی نعیم نے ملین مارچ میں شرکت کا اعلان کردیا

کراچی (سٹاف رپورٹر) چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل کے حل کیلئے ہم نے جو 16 مطالبات کو تمام علماءکرام، وکلائ، تاجروں اور سول سوسائٹی کے پاس لیکر جائیں گے اور انہیں شرکت کی دعوت دیں گے، میں سب کو دعوت دیتا ہوں شہر کے مسائل کا حل کیلئے ہمارا ساتھ دیں، پاک سرزمین پارٹی کے تاریخی اور منفرد احتجاج کی وجہ سے پاکستان کے چھوٹی اور بڑی سیاسی و مذہبی جماعتیں کراچی کے مسائل پر دھرنا بھی دے رہی ہیں اور جلسے کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع بنوریہ کے متہم مفتی نعیم سے صدر انیس قائم خانی اور وائس چیئرمین وسیم آفتاب کے ہمراہ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے مفتی نعیم کو ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دینے کیلئے آئے ہیں اور ہم سب مفتی نعیم کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے ہماری دعوت قبول کرلی۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی نے 1 سال سے زائد کی جدوجہد میں کسی کو ایک پتھر تک نہیں مارا، کراچی، پاکستان کے لوگوں کی بھلائی کیلئے ہر فورم پر آواز لگائیں گے، ہمارے آنے سے قبل اردو بولنے والوں کی ایک جماعت تھی جو کہ گزشتہ ادوار میں حکومت میں شامل رہی ہے لیکن آج ہمارے شہر کے لوگوں کے مسائل جوں کے توں ہیں، پینے کے صاف پانی، بجلی، گیس، معیاری تعلیم و ٹرانسپورٹ اور نوجوانوں کیلئے روزگار میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مینڈیٹ کی دعوے دار حکمران جماعت نے ذاتی مفادات کی خاطر عوام کے مینڈیٹ کا سودا کیا۔ اس شہر کے لوگوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ پیپلز پارٹی کو تمام چیزوں پر قبضہ کر کیلئے چھوٹ دی گئی اور وہی جماعت اسی پیپلزپارٹی سے اختیارات مانگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے 8 مطالبات تو مخالف جماعت کے میئر کیلے ہم نے رکھے ہیں، مفتی نعیم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مصطفی کمال نے بلارنگ و نسل اور فرقہ واریت سے بالا تر ہوکر خدمات انجام دیں۔ ہم اس ملین مارچ میں سید مصطفی کمال اور ان کی جماعت کی حمایت کرتے ہیں اور کراچی کے تمام علماءسید مصطفی کمال کے ساتھ ہیں۔ مصطفی کمال نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو شہر کو لوٹنے کی کھلی آزادی دیدی گئی‘ معاملات حل نہیں کئے تو کراچی رہنے کے قابل نہیں رہے گا۔ ہمارے مطالبات سے کراچی کے عوام کو فائدہ پہنچے گا‘ 16 مطالبات میں ایسا کوئی مطالبہ نہیں جو ذات کے لئے ہو کراچی کے مسائل کے حل کے لئے سڑکوں پر نکل رہے ہیں۔
مصطفی کمال

ای پیپر-دی نیشن