• news

دیربالا‘ بس کھائی میں جا گری‘ 12 جاں بحق‘ روجھان کے قریب 2 مارے گئے

لاہور+دیر بالا+ ٹوبہ ٹیک سنگھ (خبر نگار+نامہ نگار+نیوزایجنسیاں) دیربالا میں لواری ٹاپ کے قریب مسافر بس کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت12 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جبکہ پولیس اہلکاروں نے بھی امدادی کاموں میں حصہ لیا۔ پولیس کے مطابق مسافر بس دیر بالا سے چترال جا رہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث گہری کھائی میں جاگری۔ 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ روجھان میں انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق دو زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں قیدیوں کو جیل منتقل کرنے والی گاڑی بے قابو ہوکر گڑھے میں جاگری جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار اور 15 قیدی زخمی ہوگئے۔ گوجرہ کے قریب ایم فور موٹر وے پر چک 357 ج۔ب کے قریب یونیورسٹی کی بس الٹنے سے 20 طلبا زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق طلبا کی بس مری سے ملتان واپس جا رہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی اور بس ڈرائیور فرار ہو گیا تاہم کنڈکٹر کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ لاہور سے خبرنگار کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لوئر دیر میں مسافر کوچ کھائی میں گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
دیر بالا/ حادثہ

ای پیپر-دی نیشن