ٹوئیٹس کی بجائے معاملات باہمی مشاورت سے حل کرنا چاہئیں: فضل الرحمن
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے نیوز لیکس کے معاملے پر حکومت کی حمایت کر دی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے ٹوئیٹس کی بجائے معاملات باہمی مشاورت سے حل کرنا چاہئیں۔ نیوز لیکس پر قانونی یا کوئی پیچیدہ صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔ نیوز لیکس پر حکومت نے جو قدم اٹھانا تھا وہ اٹھا لیا۔ جن اداروں کو نیوز لیکس پر شکایات تھی وہ بے جا نہ تھی۔ حکومت نے واضح کر دیا ٹویٹ سے نہیں مشاورت سے معاملہ طے ہو گا۔ چھوٹی موٹی باتیں ہوتی رہتی ہیں۔ مزید براں پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا ایک دوسرے کو چور کہنے سے بہتر ہے ہم اپنا کردار پیش کریں۔ جے یو آئی ف قوم کے سامنے ایک نعم البدل کے طور پر آئے گی۔ ہم نے کسی عالمی طاقت کا سہارا لیکر پیسے کے بل بوتے پر چھلانگیں نہیں لگائیں۔ یہاں تو نظریات کی جنگ بھی حادثات کی بنیاد پر لڑی جاتی ہے۔ حادثات کو استعمال کر کے اسلامی قوانین کو ختم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس پر کوئی معذرت خواہانہ رویہ اختیار کرنے کی ضرورت نہیں، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔ آئین کے دائرہ کار میں رہ کر حوصلے کے ساتھ پرامن جدوجہد کرنی ہے، ہم ظلم کو ظلم کہیں گے، اسلام کے خلاف کوئی بات قبول نہیں کریں گے۔ مسلمانوں کو درگزر سے کام لینا چاہئے۔ معمولی اختلافات کو پس پشت ڈال دیں۔ جذبات میں آ کر مقاصد حاصل کرنا وقتی طور پر دل کی تسکین کا سبب سن سکتا ہے لیکن مقصد کیلئے کارآمد نہیں۔