نیوز لیکس رپورٹ منظرعام پر لائی جائے: پیپلزپارٹی
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے تاکہ متعدد شک و شبہات کو دور کیا جا سکے۔ ایک بیان میں پارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ معاون خصوصی طارق فاطمی اور پی آئی او راﺅ تحسین کو برطرف کرنا اور اے پی این ایس کو یہ مشورہ دینا کہ وہ ایک اخبار کے ایڈیٹر اور رپورٹر کے خلاف کارروائی اور آئی ایس پی آر کی جانب سے ڈان لیکس کی رپورٹ پر اقدام کو نامکمل اور تحقیقاتی بورڈ کی سفارشات کے مطابق نہ ہونے کے بارے میں کھلے عام بیان دینا ایسی باتیں ہیں جن کے لئے اب ضروری ہوگیا ہے کہ اس رپورٹ کو عوام کے سامنے لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ طارق فاطمی کی برطرفی کے متعلق ان کے ریمارکس بھی بہت الجھا دینے والے ہیں کیونکہ مبینہ طور پر انہوں نے یہ کہا تھا کہ انہیں برطرف نہیںکیا گیا۔ وزیرداخلہ کا کراچی میں ہفتہ کے روز بیان کہ ان کی وزارت نے اب تک ڈان لیکس کے بارے کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جبکہ وزیراعظم آفس نے ایک آرڈر جاری کیا تھا۔ ان تمام باتوں سے بہت سارے ایسے سوالات اٹھتے ہیں جن کے جوابات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر کی جانب سے ٹویٹ کے ذریعے ایک بیان دیا گیا جس میں وزیراعظم آفس کے حکم کو قطعی طور پر مسترد کر دیا گیا جس سے مزید سوالات پیدا ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کو اس طرح سے دبا دینا حکومت کی نااہلیت کا ثبوت ہے۔ انکوائری رپورٹ پر پارلیمنٹ میں جامع بحث ہونی چاہئے۔
پیپلزپارٹی