• news

عمران کوئی شہر تو چھوڑ دیں جہاں جا کر جھوٹ نہ بولیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرپشن کو ختم کرنے کا جھوٹا نعرے لگانے والے عمران خان نے خیبر پی کے کے احتساب کمشن کو تالا لگا دیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن کو ختم کرنے کا جھوٹا نعرے لگانے والے عمران خان نے خیبر پی کے کے احتساب کمشن کو تالا لگا دیا ہے، وہ پہلے اس تالے کو کھولیں اور کوئی شہر تو چھوڑ دیں جہاں جا کر جھوٹ نہ بولیں۔ جھوٹے الزامات لگانے، پاکستان میں انتشار پھیلانے اور ملکی ترقی کا راستہ روکنے کیلئے جس شخص نے 10 ارب روپے کی پیش کش کی قوم کو اس کا نام بتائیں۔ اگر عمران خان کی اے ٹی ایم مشینوں نے پیسہ دینا اور جہاز پر سواری فراہم کرنا بند کردی تو ان کی جھوٹی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہوجائیگی اسلئے انہیں چاہیے کہ وہ خیبر پی کے میں بچوں کیلئے سکول، عوام کیلئے پینے کا صاف پانی اور بیماروں کیلئے ہسپتال کا انتظام کریں، اپنی کارکردگی پر رونے کے بجائے خیبر پی کے کے عوام کو جواب دیں اور دوسرے صوبوں کا ٹھیکہ اٹھانا بند کردیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے عمران خان نے 3 مئی کو سپریم کورٹ میں اپنی آف شور کمپنی، بے نامی جائیداد اور بیرونی امداد کا جواب دینے کی تیاری کرلی ہو گی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان صاحب آپکی ذہنی حالت تشویشناک ہے۔ خیبر پی کے میں لوگ اپنے حقوق کیلئے خود لڑ رہے ہیں، اداروں کو گالی دینے والا شخص اداروں کو مستحکم کرنے کی بات کیسے کرسکتا ہے۔ عمران خان نے آج بھی پھر اعلیٰ عدلیہ کے جج حضرات پر تنقید کی۔ عمران خان صاحب اب تو آپ کو جواب دیتے ہوئے ہنسی آتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن