یوم مئی آج منایا جائیگا، مزدور، ملازمین سماجی شراکت دار ہیں: صدر، وزیراعظم
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مزدوروں کا دن آج منایا جائےگا اور ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں جلسے جلوس اور ریلیاں منعقد ہو نگی جبکہ مختلف تنظیمیں سیمینارز اور تقاریب منعقد کریں گی جس سے مزدور رہنماﺅں کے علاوہ وفاقی وزراءاور اپوزیشن رہنما خطاب کریں گے۔ واضح رہے مزدوروں کا یہ عالمی دن شکاگو میں اپنے حقوق کے حصول کی خاطر جانوں کی قربانی دینے والے مزدوروں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ یوم مئی پر اپنے پیغام میں صدر ممنون حسین نے کہا ہے وطن عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی ہمارے محنت کشوں اورہنرمندوں کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں، مجھے یقین ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون اور مدد سے ہم اپنے محنت کشوں کیلئے بہتر معیار زندگی حاصل کرسکتے ہیں اور ان کیلئے ترقی کے مساوی مواقع اور حقوق کی فراہمی کو یقینی بنا سکتے ہیں، شکاگو کے شہیدوں نے جبر، استحصال اور نا انصافی کے خلاف جدوجہد میں قربانیاں دیں۔ صدر مملکت نے کہا حکومت مزدور طبقے کے مسائل اور ان کی ضروریات سے آگاہ ہے اور اپنی اس قیمتی قوت کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ صدر مملکت نے پاکستان بھر کے کارکنوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کیا اور ان کے بہتر مستقبل اور خوشحالی کے لئے اپنی نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے یوم مئی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مزدوروں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے، مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے حکومت نے مزدوروں سے متعلق قوانین کوبہتر کرنے سمیت متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ ہماری افرادی قوت اپنے کام کی وجہ سے پوری دنیا میں ایک پہچان رکھتی ہے۔ مزدور اور ملازمین ہمارے سماجی شراکت دار ہیں۔ خبرنگار خصوصی کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے یوم مئی کے پیغام میں کہا ہے یوم مئی منانا اصل میں ان مزدوروں اور تنخواہ داروں کو خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کرنا ہے اور اس کے ساتھ ہی یہ عہد دہرانا ہے کہ ان کے وقار کا تحفظ کریں گے اور ملک کے مزدوروں کو باعزت روزگار کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے یہ عہد بھی کیا وہ نجکاری کے نام پر ملازمین کو ملازمتوں سے برطرف کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور پارٹی مزدوروں کو ان کے حقوق دلانے کے لئے اور زیادہ محنت اور جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا مزدوروں کے کام کرنے کے حالات میں بہتری لانا اور مزدوروں کے استحصال سے بچانا ایک مسلسل عمل ہے اور پارٹی اس مسلسل عمل میں مزدوروں کے شانہ بشانہ جدوجہد کرتی رہے گی۔
یوم مئی