• news

امریکی باکسنگ ایسوسی ایشن نے مسلمان لڑکی کو حجاب پہن کر مقابلوں میں حصہ لینے کی اجازت دیدی

واشنگٹن (آن لائن) امریکی نوعمر مسلمان باکسر عمایہ ظفر کی جدوجہد رنگ لے آئی، امریکی باکسنگ ایسوسی ایشن نے اسے حجاب پہن کر کھیلنے کی اجازت دے دی۔ امریکی ریاست منیسوٹا کی 16 سالہ عمایہ کے لئے یہ جدوجہد اتنی آسان نہیں تھی۔ عمایہ گزشتہ برس ایک باکسنگ میچ میں حصہ لینے کے لئے فلوریڈا گئی لیکن وہاں اسے بتایا گیا کہ حجاب، مکمل بازوؤں والی جرسی اور لیگنگ کے ساتھ اسے مقابلہ میں حصہ لینے کی اجازت نہیں۔ عمایہ دلبرداشتہ لوٹ آئی، لیکن اس نے حوصلہ نہیں ہارا۔ ایک نئے حوصلے سے باکسنگ کی پریکٹس شروع کردی۔ اس کے ساتھ ساتھ عمایہ اور اس کے خاندان نے کونسل آف امریکن اسلامک ریلیشنز سے رابطہ کیا اور اس سلسلے میں ان سے مدد کی درخواست کی۔ کونسل نے امریکی باکسنگ ایسوسی ایشن سے کھیل کے قوانین میں مذہبی چھوٹ کے حوالے سے شق شامل کرنے کے معاملے پر گفت و شنید شروع کردی۔ اور چند روز قبل باکسنگ ایسوسی ایشن نے عمایہ کو اجازت دے دی کہ وہ حجاب پہن کر کھیل میں حصہ لے سکتی ہے۔ فیصلے کے بعد ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ گو کہ ایک مسلمان کی وجہ سے انہیں اپنے قوانین میں ترامیم کرنی پڑی۔ لیکن انہیں خوشی ہے کہ ان ترامیم کی وجہ سے یہ کھیل مذہبی و ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا سبب بنے گا۔

ای پیپر-دی نیشن