• news

دنیا کے معمر تر ین شخص انڈونیشین شہری کا 146 برس کی عمر میں انتقال

جکارتہ (نوائے وقت رپورٹ) انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والا ایک شخص جس نے حالیہ انسانی تاریخ کے معمر ترین فرد بننے کا دعویٰ کیا تھا، 146 سال کی عمر میں دنیا سے چل بسا۔ مباہ گوتھو نامی یہ بزرگ وسطی جاوا کے ایک چھوٹے سے گائوں کے رہائشی تھے۔ ان کے پاس موجود سرکاری دستاویزات کے مطابق ان کی تاریخ پیدائش 31 دسمبر 1870 تھی۔ 2016 کے آخر میں انہوں نے 146 ویں سالگرہ اپنے پوتے اور اس کی اہلیہ کے ساتھ منائی تھی کیونکہ ان کی چاروں بیویوں اور بچوں کا انتقال ہوچکا ہے۔ چند ماہ پہلے ایک انٹرویو کے دوران انڈونیشین شہری نے کہا کہ وہ اس زمین پر مزید زندہ رہنے کے خواہشمند نہیں۔ میں بس مرنا چاہتا ہوں، میرے پوتے پوتیاں، نواسے نواسیاں سب خودمختار ہوچکے ہیں۔ اب ان کی آخری خواہش پوری ہوگئی ہے جنہیں گزشتہ ماہ علالت کے باعث ہسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں سے چھ دن بعد ڈسچارج کردیا گیا۔ جب ان سے طویل العمری کا راز پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا اس کی ترکیب صرف صبر و تحمل میں چھپی ہے۔ ان کی عمر کے حوالے سے ابھی آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے تاہم اگر اس بات کی تصدیق ہوجاتی ہے تو مباہ گوتھو ریکارڈڈ تاریخ کے سب سے معمر ترین شخص قرار پائیں گے جو تین مختلف صدیاں دیکھ چکے ہیں۔ اس وقت یہ ریکارڈ فرانس سے تعلق رکھنے والی جینی کلیمنٹ کے پاس ہے جن کی عمر وفات کے وقت 122 سال تھی۔

ای پیپر-دی نیشن