• news

سپریم کورٹ عمران، جہانگیر ترین کیخلاف ٹیکس چوری، منی لانڈرنگ الزامات کی سماعت کل کرے گی

اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ میں آج (منگل)سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ کے دوران اہم مقدمات کی سماعت کیلئے چار بینچ تشکیل دے دیئے گئے ہیں ،عدالت عظمی کا بینچ نمبر ایک چیف جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل ہے ، بینچ نمبر 2جسٹس اعجاز افضل خان اور جسٹس مقبول باقر جبکہ جسٹس گلزار احمد اور جسٹس سجاد علی شاہ بینچ نمبر تین کے ممبران ہیں ، عدالت عظمی کاچوتھا بینچ جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل ہے ۔رواں ہفتہ سندھ پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین کی خلاف ضابطہ تقرری کالعدم قرار دینے کے فیصلہ پر نظرثانی کی درخواست اور نیب کے افسران کی غیر قانونی تعیناتی کالعدم قرار دینے کے فیصلہ پر نظرثانی کیلئے عالیہ رشید کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت بھی اس ہفتہ کے دوران ہوگی،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اورسیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کے خلاف ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں دائر درخواستیں کل بدھ کو سماعت کے لئے مقرر کردی گئیں۔چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیا ل اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل تین رکنی بینچ پاکستان مسلم لیگ نے کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 184(3)کے تحت دائر درخواستوںکی سماعت کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن