کرم ایجنسی/ واہ کینٹ: 9 دہشت گرد ہلاک‘ اہلکار شہید‘ کیپٹن سمیت 2 زخمی
پاراچنار/ واہ کینٹ/ شیخوپورہ/ جوئیانوالہ/ فیروز والہ (ایجنسیاں + نامہ نگاران + نوائے وقت رپورٹ) آپریشن ردالفساد کے تحت جاری کارروائیوں کے دوران کرم ایجنسی اور واہ کینٹ میں 9 دہشتگرد ہلاک ہو گئے، کرم ایجنسی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید، کیپٹن سمیت دو زخمی ہوئے، شیخو پورہ میں اسلحہ سے بھری گاڑی پکڑی گئی، ملزم فرار ہو گیا، کرم ایجنسی میں دہشتگردوں نے فورسز کے قافلے پر گھات لگا کر حملہ کیا، جوابی کارروائی میں 7 دہشت گرد مارے گئے، گن شپ ہیلی کاپٹروں سے بمباری میں متعدد ٹھکانے تباہ کردیئے گئے۔ واہ کینٹ سے نامہ نگار کے مطابق 4 دہشت گردوں نے آپریشن کے دوران بھاگ کر زیرتعمیر مکان میں پناہ لی دو کو فورسز نے ہلاک کر دیا۔ 2 دہشت گردوں کے فرار ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پی او ایف ایمپلائیز ہائوسنگ سکیم نمبر 2 میں مقامی پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں نے سرچ آپریشن کیا اس دوران چار مشتبہ افراد نے بھاگ کر ایک زیر تعمیر مکان میں پناہ لی اور مکان میں مورچہ بند ہو کر سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی، سکیورٹی اداروں نے مکان کو چاروں طرف سے گھیرے میں لیکر جوابی فائرنگ کی جس سے صفت اللہ اور عباس جو پشاور اور چارسدہ کے رہائشی تھے، مارے گئے۔ تلاشی کے دوران خودکش جیکٹ اور بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا جائے واردات سے فرانزک نمونے حاصل کر لئے گئے ہیں۔ دریں اثناء موٹر وے پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، بھاری تعداد میں اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کرلیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ موٹر وے پرکوٹ پنڈی داس کے قریب اسلام آباد سے لاہور آنے والی مشکوک کار نمبر2065ایل زیڈ یو کو موٹر وے پولیس نے تلاشی کی خاطر روکنے کی کوشش کی مگر ڈرائیور نے کار کی رفتار بڑھا کر فرار ہونا چاہا جس کا موٹر وے پولیس نے تعاقب کیا تو اس دوران کار تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر ڈیوائڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ ڈرائیور کار سے نکل کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ کار کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے چھپائی گئی 100 رائفلز، 10 پسٹل اور ہزاروں گولیاں برآمد ہوئیں۔ موٹر وے پولیس ذرائع کے مطابق یہ اسلحہ لاہور میں ممکنہ دہشت گردی کی وارداتوں میں استعمال ہونا تھا۔ ذرائع کے مطابق کار اوکاڑہ کے رہائشی کی ملکیت ہے۔