نئے مالیاتی نظام سے مایوس بھارتی کرکٹ بورڈ کا اجلاس اتوار کو ہو گا
دبئی( سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) میں بگ تھری کے خاتمے اور نئے مالیاتی نظام پر مایوس بھارتی کرکٹ بورڈ کا اجلاس اتوار کو ہو گا جس میں عالمی گورننگ باڈی کی نئی پیشکش پر غور کیا جائے گا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاسوں میں اپنی من مانیوں کیلئے مشہور ہندوستانی کرکٹ بورڈ کو بورڈ کے نئے مالیاتی نظام پر ایک مقابلے میں 13 ووٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا جہاں 2015 سے 2023 تک آئی سی سی کے مالیاتی نظام پر ازسر نو غور کر کے اس میں تبدیلی کی گئی۔اس نئے مالیتی نظام کے تحت ہندوستان کو کم و بیش 200 سے 250 ملین ڈالرز کا نقصان ہوا جہاں اسے 293ملین ڈالرز کی پیشکش کی گئی لیکن دوسری جانب بورڈ 2014 کے ماڈل کے تحت 570 ملین ڈالرز دینے کا مطالبہ کر رہا ہے۔اس معاملے کے بعد ہندوستان نے چیمپئنز ٹرافی کے بائیکاٹ کی دھمکی دی اور سکواڈ کے اعلان کی آخری تاریخ 25 اپریل گزر جانے کے باوجود اپنے سکواڈ کا تاحال اعلان نہیں کیا۔ آئی سی سی کے صدر ششانک منوہر نے بی سی سی آئی کو منانے کیلئے اضافی 100ملین ڈالر کی پیشکش کرتے ہوئے 400ملین ڈالر کی آفربھی کی اور انڈین بورڈ اس نئی پیشکش پر اپنے اجلاس میں بحث کرے گا۔