بہاولپور ڈیف ایسوسی ایشن کی ٹیم نے کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا
بہاولپور(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر بہاولپور رانا محمد سلیم افضل نے کہا ہے کہ سپورٹس کی سرگرمیاں نوجوانوں کی کردار سازی اور شخصیت کی تعمیر وترقی میں کلیدی اہمیت کی حامل ہیں۔خصوصی افراد (معذور افراد) کے لئے سپورٹس کی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈرنگ سٹیڈیم بہاولپور میں قوت سماعت و گویائی سے محروم خصوصی افراد کے کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے6میچوں پر مشتمل کرکٹ سیریزکی فاتح ٹیم بہاول پور ڈیف ایسوسی ایشن کے کپتان شہباز ، رنر اپ ٹیم بہاولپور سپورٹس ڈیف ایسوسی ایشن کے کپتان عمران، مین آف دی میچ راشد، بیسٹ باﺅلر احسان، بیسٹ بلے باز عمران اوربیسٹ فیلڈر شہباز کو ٹرافیاں اور انعامات دیئے جبکہ آرگنائزر سیکرٹری مرزا وسیم، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر مقصود الحسن کو یادگاری شیلڈ دی۔ بہاولپور ڈرنگ سٹیڈیم میں منعقدہ قوت گویائی وسماعت سے محروم افراد کے کرکٹ سیریز کے فائنل میچ میں بہاولپور ڈیف ایسوسی ایشن کی ٹیم نے 150رنز کے مقابلے میں 160رنز سے بہاولپور سپورٹس ڈیف ایسوسی ایشن کو شکست دی۔