افغانستان : ڈرون حملہ ،آپریشن ،داعش کمانڈر، 8 طالبان سمیت مزید 79 ہلاک
کابل (اے پی پی + اے این این+نوائے وقت رپورٹ) افغانستان میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں اور پرتشدد واقعات میں حقانی نیٹ ورک کے 4 کارکنوں سمیت مزید 79 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ افغان عوام ڈٹ جائے، طالبان اور داعش افغانستان کے خطرناک دشمن ہیں۔ تفصیلات کے مطابق افغان وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ننگرہار سمیت دیگر علاقوں میں فورسز کی کارروائیوں میں مجموعی طور پر58 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ان میں داعش کے 14 ارکان ضلع آچین میں مارے گئے جبکہ اسی ضلع میں کی جانیوالی ایک اور کارروائی میں حقانی نیٹ ورک کے 4 عسکریت پسند بھی جاں بحق ہوئے۔ اسی طرح ہلمند میں 12 عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔ فاریاب، تخار اور دیگر علاقوں میں بھی کارروائیاں کی گئیںجبکہ صوبہ کپیا میں فضائی حملہ کے نتیجہ میں 2 پولیس اہلکار ہلاک اور9زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ افغان صوبے ننگر ہار میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کا کمانڈر ہلاک ہو گیا۔ اس حملے میں ایک شہری ہلاک جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔آئی این پی+اے این این کے مطابق صوبہ ننگر ہار میں امریکی ڈرون حملے میں 8 طالبان جنگجو مارے گئے۔افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے حزب اسلامی کے 70قیدیوں کی رہائی کے فرمان پر دستخط کردیئے۔ صدارتی محل کے حکام نے بتایا ہے کہ حزب اسلامی کے قیدیوں کی رہائی امن معاہدے اور پارٹی لیڈر گلبدین حکمت یار کی واپسی کے تحت ہوئی ہے ۔واضح رہے کہ حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے افغان حکومت کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کیے تھے۔