خواجہ سعد رفیق نے ریلویز سپورٹس گرانٹ ساڑھے 3 کروڑ روپے کرنیکی منظوری دیدی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے پاکستان ریلویز کی سپورٹس گرانٹ ساڑھے تین کروڑ روپے سالانہ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس سے پہلے 2014میں کھیلوں کی مد میں سالانہ 85لاکھ رجوپے خرچ کئے جارہے تھے جسے 2015میں 2کروڑ اور 2016میں 3کروڑروپے کردیا گیاتھا جبکہ یکم جولائی سے شروع ہونے والے مالی سال میں یہ گرانٹ ساڑھے تین کروڑ روپے ہوگی۔ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اینڈ سپورٹس کی طرف سے وزیر ریلویز کو پیش کی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان کی طرف سے گرانٹ میں غیر معمولی اضافے نے کھیلوں کے میدان میں کارکردگی میں بھی اضافہ کیا ہے۔ پاکستان ریلویز اس وقت انٹرڈویژنل سطح پر 22کھیلوں کے مقابلے کروا رہا ہے جبکہ نیشنل گیمز میں ریلوے کی طرف سے مختلف کھیلوں میں مردوں کی 24اور خواتین کی 10ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ پاکستان ریلوے نے نیشنل گیمز میں 2014میں 49، 2015میں 83اور 2016میں مجموعی طور پر 685میڈلز جیتے۔