سپاٹ فکسنگ سکینڈل: خالد لطیف اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش جواب کے لئے مہلت مانگ لی
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان سپر لیگ سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے اہم کردار خالد لطیف پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہو گئے، پی سی بی اویجلنس اینڈ سکیورٹی یونٹ کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دینے کیلئے پانچ مئی تک مہلت طلب کرلی،بورڈ نے ان کی درخواست منظورکرتے ہوئے 5 مئی کا وقت دے دےا ۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے خالد لطیف نے پی سی بی ٹربیونل کے سربراہ کرنل ( ر ) اعظم پراعتراض کرتے ہوئے انہیں ٹربیونل سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا تاہم پی سی بی نے ان کا مطالبہ رد کرتے ہوئے دو مئی کو ہر صورت پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔ گزشتہ روز خالد لطیف قذافی سٹیڈیم میں پی سی بی ویجلنس اینڈ سکیورٹی یونٹ کے سامنے دوسری مرتبہ پیش ہوئے تو سماعت کیلئے یونٹ کے سربراہ کرنل اعظم موجود تھے جس پر خالد لطیف نے انڈرپروٹیسٹ اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ ویجلنس اینڈ سکیورٹی یونٹ کے سربراہ کرنل اعظم اورپی سی بی لیگل ونگ کے جی ایم سلمان نصیر نے خالد لطیف نے سوشل میڈیا کے مختلف ذرائع سے آنے والے پیغامات اورفون کالز کے متعلق استفسار کیا جس میں سے بعض سوالات کے خالد لطیف نے جواب دئیے جبکہ کچھ سوالات کا جواب دینے کیلئے انہوں نے مزید مہلت طلب کرلی جس پر طے پایا کہ وہ پانچ مئی کو اپنے وکیل کے ساتھ پیش ہوکر جواب دیں گے۔دوسری جانب خالد لطیف کے خلاف پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ کیس میں پہلے سے لگائے گئے الزامات اورپیش کئے گئے ثبوتوں کا جواب دینے کیلئے پانچ مئی کی تاریخ مقررہے اس روزوہ اپنے وکیل بدرعالم کے ہمراہ جسٹس ریٹائرڈ اصغر حیدر کی سربراہی میں قائم تین رکنی پی سی بی انٹی کرپشن ٹربیونل کے سامنے پیش ہوکرجواب دیں گے۔اس کیس میں چار مئی کو شاہ زیب حسن ٹربیونل کے سامنے پیش ہوں گے جبکہ پانچ مئی کو صبح کے اوقات میں خالد لطیف اور شرجیل خان ٹربیونل کے سامنے پیش ہوں گے جبکہ شام کو خالد لطیف اینٹی کرپشن یونٹ میں جواب جمع کرائیں گے ۔