پاکستان کی ماریہ طور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے کمشن کی رکن مقرر
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے سکواش کی پاکستانی ماریہ طور پکئی کو سپورٹس کمشن میں شامل کر لیا‘وہ اولمپکس میں خواتین کی بہتری کیلئے پالیسی بنانے میں کمیٹی کی معاونت کرینگی۔ماریہ طور نے نمائندگی کو اپنے اور ملک کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی میں میری شمولیت سے پاکستان کو بہت فائدہ ہو گا اور یہ بہت بڑی اور خوشی کی بات ہے کہ مجھے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ویمنز اسپورٹس کمیشن میں پاکستان کی طرف سے منتخب کیا گیا جہاں میں پاکستان کے حق کیلئے آواز اٹھاو¿ں۔پی او اے نے مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں یا ملالہ اس دنیا سے الگ یا انوکھی نہی بلکہ یہ پاکستان میں ہر خاتون کی جدوجہد کی کہانی ہے، میں سمجھتی ہوں کہ اگر ہم تمام خواتین مل کر کام کریں تو ہم اس ملک کو اندھیر نگری سے نکال سکتے ہیں میں ملک کیلئے کام کرنے والی تمام خواتین کو سراہتی ہوں۔سکواش کی کھلاڑی نے کہا کہ اولمپک بہت بڑا پلیٹ فارم ہیں اور حکام پر زور دیا کہ وہ اس پر توجہ دیں تاکہ ہمارے ایتھلیٹ، تیراک، باکسر اور دیگر کھلاڑی اولمپک کے کھیلوں میں ہم ترقی کر سکیں۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سید عارف حسن نے بھی اس اعزاز کے حصول پر مایہ طور کو مبارکباد دیتے ہوئے ملک کیلئے بڑا اعزاز قرار دیا۔