امریکہ:جنوبی کوریا میں میزائل سسٹم کی تنصیب روکے تحفظ کیلئے کوئی بھی اقدام کرسکتے ہیں :چین
بیجنگ (بی بی سی+ اے پی پی) چین نے جنوبی کوریا میں امریکہ کے تھاڈ نامی متنازع دفاعی میزائل کی تنصیب کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے اپنے فوجی آپریشنز کی سکیورٹی میں مداخلت قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے دفاعی میزائل سسٹم کو تعیناتی کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین پختہ عزم سے اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گا۔ وسیع تر مفاد میں کوئی بھی قدم اٹھا سکتے ہیں۔ تاہم چینی دفتر خارجہ کے ترجمان نے امریکی صدرٹرمپ کے اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ سازگار حالات میں وہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے ملنے کو اعزاز کی بات سمجھیں گے۔ ترجمان کے مطابق چین کا ہمیشہ سے یقین رہا ہے کہ جوہری اسلحے کی تخفیف کا حقیقت پسندانہ اور قابل عمل راستہ بات چیت اور مشاورت ہے۔ امریکی فوج کے ترجمان نے کہا کہ اب اس نظام کے ذریعے شمالی کوریا کے میزائل کو روکا اور جنوبی کوریا کا دفاع کیا جا سکتا ہے۔ حکام نے نامہ نگاروں کو بتایا گیا ہے کہ اس نظام کو اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ کام کرنے میں ابھی چند ماہ لگ جائیں گے۔ دو امریکی بمبار طیاروں نے جنوبی کوریا کی فضائیہ کے ساتھ مشق میں حصہ لیا جسے امریکہ نے معمول کی مشق قرار دیا ہے۔ جنوبی کوریا میں مقیم امریکی فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ ’تھاڈ اب قابل استعمال ہے اور اس کے پاس شمالی کوریا کے میزائل کو روکنے اور جنوبی کوریا کے دفاع کی صلاحیت ہے۔