قائمہ کمیٹی قانون و انصاف، تنازعات کے متبادل حل کا بل منظور
اسلام آباد (صباح نیوز) ایوان بالا سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے عدالتوں میں تنازعات کے متبادل حل کے بل 2017ء کو ترمیم کے بعد متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ منگل کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر محمد جاوید عباسی کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں تنازعات کے متبادل حل کے متعلق بل 2017کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی سفارشات کو بل میں شامل کرلیا گیا ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ بل کو زیادہ سے زیادہ موثر بنانے کے لیے نہ صرف اراکین کمیٹی کی رائے کو اہمیت دی گئی ہے بلکہ مختلف بار کونسل کے نمائندگان کو قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں بلا کر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس بل کے بدولت عدالتوں پر کیسز کا بوجھ نہ صرف کم ہوگا بلکہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی بھی میسر ہوگی۔ معاون خصوصی وزیراعظم بریسٹر ظفراللہ نے کہا کہ یہ بل انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی تجویز کردہ سفارشات سے بل مزید موثر بنا ہے اس سے عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی میں ریلیف ملے گا۔