• news

ججز نظربندی کیس، مشرف پھر پیش نہ ہوئے، سماعت 29 مئی تک ملتوی

اسلام آباد (نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزم پرویز مشرف کیخلاف ججز نظر بندی کیس کی سماعت 29 مئی تک ملتوی کردی۔ گزشتہ روز کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے کی۔ سپیشل پراسیکوٹر عامر ندیم تابش نے موقف اپنایا کہ عدالت کی جانب سے ملزم پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔ ملزم کی جانب سے اب وزارت دفاع سے سکیورٹی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، پہلے بھی وزارت داخلہ کی جانب سے ملزم کو سکیورٹی دی گئی لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ اگر ملزم آنا چاہتا ہے تو عدالت کو اپنا ٹکٹ یا پاسپورٹ دکھائے۔ عامر ندیم تابش نے کہا کہ ملزم نے پہلے بھی سکیورٹی مانگی تھی وزارت داخلہ کی جانب سے 2014ء میں جواب دیا گیا تھا کہ سکیورٹی دینے کو تیار ہیں لیکن ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ عامر ندیم تابش نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی مذکورہ کیس میں ملزم کو مستقل استثنیٰ کی درخواست خارج ہونے کے باوجود 50 سے زائد مرتبہ ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ دیا گیا جس کی عدالتی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ اب ملزم اشتہاری ہے قانونی تقاضے پورے کئے بغیر کوئی بھی ملزم کی جانب سے پیش نہیں ہوسکتا۔

ای پیپر-دی نیشن