• news

سندھ ہائیکورٹ نے اے ڈی خواجہ کو عہدے پر برقرار رکھنے کا حکم دیدیا

کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو عہدے پر برقرار رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت آج تک کیلئے ملتوی کر دی۔ بدھ کو جسٹس منیب اختر پر مشتمل دو رکنی بنچ نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی تقرری سے متعلق توہین عدالت درخواست کی سماعت کی۔ عدالت میں درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں صوبائی پولیس سربراہ کا عہدہ بھی محفوظ نہیں ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کراچی بدامنی کیس میں پولیس کو سیاست سے پاک کرنے کاحکم دے چکی ہے اس کے باوجود سندھ پولیس میں سیاست اب تک ختم نہ ہوسکی 10سال میں 13آئی جی تبدیل کئے جا چکے ہے اس طرح وقت سے پہلے آئی جی کی تبدیلی حالات پر اثرانداز ہوتے ہیں عدالت نے درخواست گزار کے وکیل فیصل صدیقی کو آئی جی سندھ کی تقرری کے حوالے سے دلائل جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو ان کے عہدے پر برقرار رہنے کا حکم دیدیا۔

ای پیپر-دی نیشن