پاکستان بحیرہ عرب میں سلامتی اور استحکام کیلئے کوشاں ہے: سیکرٹری دفاع
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان دیگر علاقائی ممالک کے ہمراہ بحرہند کے خطہ اور بحیرہ عرب میں سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لئے کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز جاپان کی ٹاسک فورس 151 (CTF-151)کے کمانڈر ریئر ایڈمرل ٹٹسویا فوکوڈا سے گفتگو کے دوران ان خیالات کا اظہار کی جنہوں نے راولپنڈی میں ان سے ملاقات کی۔ سیکرٹری دفاع نے کہاکہ پاکستان اور جاپان کے سفارتی ، دفاعی اور اقتصادی تعلقات ایک دوسرے کے لئے خیر سگالی کے جذبات اورکشادہ دلی کے عکاس ہیں۔ انہوں نے جنوبی ایشیاء اور افغانستان میں امن اور استحکام کے فروغ میں جاپان کی گہری دلچسپی اور فعال کردار کی تعریف کی اور وزارت امور خارجہ کے تحت پاکستان اور جاپان کے سیاسی و عسکری مذاکرات اور وزارت دفاع کے تحت دفاعی مذاکرات کی تعریف کی۔ جاپان کے ریئر ایڈمرل نے ملٹی نیشنل اینٹی پیراسی ٹاسک فورس میں پاک بحریہ کے اہم اور گرانقدر کردار کی تعریف کی۔ دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ موجودہ دفاعی تعاون میں اضافے کے لئے جاپانی حکومت کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ سیکرٹری دفاع نے جاپان کو پاکستان میں کمانڈ اینڈ سٹاف کورسز اور دیگر کورسز میں شرکت کی دعوت دی۔