• news

کاشتکار کپاس کی کاشت 15 مئی تک ہر صورت مکمل کر لیں: محکمہ زراعت

لاہور ( کامرس رپورٹر ) ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ کپاس کی کاشت 15مئی تک ہر صورت مکمل کر لیں اور بجائی سے پہلے بیج کو مناسب زہر ضرور لگائیں جس سے فصل ابتدا میں رس چوسنے والے کیڑوں سے محفوظ رہتی ہے۔ اگائو کے فوری بعد ناغوں کی جگہ سے خشک مٹی ہٹا کر اور خالی جگہ گوڈ کر مناسب فاصلے پر 6-5گھنٹے پانی میں بھگوئے ہوئے 5-4بیج ڈال کر نمدار مٹی سے ڈھانپ دیں۔ بڑھوتری کے ابتدائی مرحلے میں پودوں کو صحتمند رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ پودوں کے درمیان مناسب فاصلہ ہو۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ بوائی سے 25-20دن کے اندر یا پہلے پانی سے پہلے یا خشک گوڈی کے بعد ہر حالت میں چھدرائی مکمل کی جائے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کپاس کے کھالوں، وٹوں اور راستوں کے کناروں پر موجود جڑی بوٹیوں کو کھیت سے جلد از جلد تلف کریں تاکہ کیڑوں اور وائرس کے حملے کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے۔ کپاس کی بڑھوتری کے پہلے ساٹھ دن جڑی بوٹیوں سے شدید متاثر ہوتے ہیں لہٰذا پودوں کو صحتمند رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ بڑھوتری کا یہ ابتدائی مرحلہ جڑی بوٹیوں سے پاک ہو۔ جڑی بوٹیوں کو بذریعہ گوڈی خشک طریقے یا وتر طریقے سے تلف کریں۔ کیمیائی زہروں کا استعمال محکمہ زراعت (توسیع) کے مقامی عملہ سے مشورہ سے کریں۔

ای پیپر-دی نیشن