• news

جاپان ہمیں دہشت گردی کی عینک سے نہ دیکھے‘ مشیر سلامتی: توانائی تعاون کا معاہدہ‘ سکیورٹی شراکت بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر+خصوصی نمائندہ) مشیر سلامتی ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے جاپان دہشت گردی کی عینک سے پاکستان کو نہ دیکھے۔ یہ مسئلہ پاکستان نے پیدا نہیں کیا۔ ضرورت اس امر کی ہے پاکستان کو ایک ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر دیکھا جائے۔ انہوں نے جاپان کے نائب وزیر خارجہ نوبو کشی سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی جنہوں نے گزشتہ روز ان سے ملاقات کی۔ مشیر سلامتی نے مہمان نائب وزیر خارجہ کو خطہ کی سلامتی، افغانستان کی صورتحال اور مسئلہ کشمیر کی نوعیت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا خطہ میں سٹریٹجک سلامتی کی صورتحال بہت نازک ہے۔ جاپانی نائب وزیر خارجہ نے کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملک مذاکرات کی میز پر آئیں۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے نیوکلئیر سپلائرز گروپ میں رکنیت کا معاملہ غیر امتیازی ہونا چاہیے۔ انہوں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان وفود کی سطح پر دو طرفہ مذاکرات کے دوران یہ بات کہی۔ تہمینہ جنجوعہ اور جاپان کے نائب وزیر خارجہ نوبو کشی نے اپنے وفود کی قیادت کی۔ واضح رہے جاپانی وفد ،پاک جاپان سفارتی تعلقات کی ساٹھویںسالگرہ کے موقع پر دو روز کیلئے پاکستان آیا ہوا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق مذکرات میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں اور خطہ میں سلامتی کی صورتحال پر بات کی گئی۔سیکرٹری خارجہ نے کہا پاکستان، جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے تجارت و معیشت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے امکانات کو فروغ دیا جائے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کیلئے بھارت کے ساتھ بات چیت کی مساعی جاری رکھی جائیںگی۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم کی تفصیلات سے جاپانی وفد کو آگاہ کیا۔ خصوصی نمائندہ کے مطابق پاکستان اور جاپان کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ طے پا گیا ، جاپان پاکستان کو اسلام آباد برہان ٹرانسمیشن لائن کیلئے2کروڑ40لاکھ ڈالر دے گا ، معاہدے پر پاکستان کی جانب سے اقتصادی امور ڈویژن کی ایڈیشنل سیکرٹری جبکہ جاپان کی طرف سے سفیر تاکاشی کورا ئی نے دستخط کئے ، وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف نے کہا جاپان پاکستان کے ساتھ تعلیم ، توانائی اور انسداد دہشتگردی میں تعاون کر رہا ہے ، جاپان کے ساتھ مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے خواہاں ہیں ، منصوبوں میں جاپان کو ہر قسم کی سہولتیں فراہم کریں گے ۔ انہوں نے کہا معاہدے سے اسلام آباد کیلئے بجلی ترسیل کے نظام میں بہتری آئے گی ۔
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) جاپان کے نائب وزیر خارجہ نوبوکشی نے وزیراعظم محمد نوازشریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے جاپانی نائب وزیرخارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان دونوں ممالک کے عوام کی ترقی کے لئے امن و خوشحالی کے مشترکہ موقف کو آگے بڑھانے کے لئے تیار ہے۔ وزیراعظم نے ستمبر 2016ء میں جاپانی وزیراعظم کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکر کیا اور کہا دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے باعزم ہیں۔ وزیراعظم نے کہا جاپان اہم ترقیاتی پارٹنر ہے اور جاپانی امداد سے متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔ توقع ہے جاپان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔ جاپان کے نائب وزیرخارجہ نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا وزیراعظم نوازشریف سے پاک جاپان سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردار ادا کررہا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں ۔ پاک جاپان مضبوط سفارتکاری دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے جاپانی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری چاہتی ہیں۔ آن لائن کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے جاپان کے نائب وزیرخارجہ نے ملاقات میں پاک، جاپان تعلقات اور خطے کی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا جاپان سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، پاکستان کی ترقی میں جاپان کا کردار اہم ہے۔ پاکستان خطے سمیت دنیا بھر میں امن و استحکام اور ترقی کا حامی ہے اور جاپان کے سرمایہ کار پاکستان میں بہترین مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، پاکستان ایک پرامن خطہ بن چکا ہے سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں جبکہ جاپانی نائب وزیرخارجہ نے کہا پاکستان میں خطے سمیت دنیا بھر میں امن و استحکام اور ترقی کے حامی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن