زرداری لاپتہ ساتھی کیس: سندھ ہائیکورٹ نے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیدیا
کراچی(این این آئی) سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی کی عدم بازیابی پر جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیتے ہوئے 18 مئی کو ایس ایس پی جامشورو کو پیش رفت رپورٹ کیساتھ پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔جمعرات کوسندھ ہائی کورٹ میں پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی غلام قادرمری اور دیگرکی گمشدگی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے جے آئی ٹی کی تشکیل کا حکم دیا جس پرکیس کے تفتیشی افسرنے عدالت کو بتایا جے آئی ٹی کی تشکیل کے لئے پہلے ہی محکمہ داخلہ کو خط لکھ چکے ہیں۔ بعدازاں عدالت عالیہ نے کیس کی سماعت 18 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے ایس ایس پی جامشوروکو اب تک ہونے والی تمام پیش رفت سے متعلق رپورٹ کیساتھ پیش ہونے کا حکم دیا۔