پاکستا ن اور بھارت مسائل کے حل کیلئے مذاکرات شروع کریں: اقوام متحدہ
نیویارک (کے پی آئی) اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفین ڈیوجیرک نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی تنائو سے پوری طرح واقف ہیں اور اس کی طرف توجہ بھی دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا عالمی ادارے کے سربراہ کسی بھی علاقے میں پیش آنے والے حالات و واقعات سے آگاہ رہتے ہیں اور صورتحال کے بارے میں پل پل کی خبر رکھتے ہیں۔ سٹیفین ڈیوجیرک کاکہنا تھا کہ ہم نے پونچھ میں ہونے والے مبینہ واقعہ کے بارے میں جموں کشمیر میں مقیم اقوام متحدہ فوجی مبصرین سے وابستہ اپنے ساتھیوں سے معلومات لی ہیں۔ ترجمان نے اقوام متحدہ کا یہ موقف دہرایا کہ بھارت اور پاکستان کو تمام مسائل کا حل تلاش کرنے کیلئے پر امن بات چیت کا سلسلہ شروع کرنا چاہئے۔ ترجمان نے اس تاثر کو غلط قرار دیا اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین صرف کنٹرول لائن کے اس پار یعنی آزادکشمیر کے بارے میں فکر مند رہتے ہیں کیونکہ بھارت کی طرف سے ان کی نقل وحرکت محدود رکھی گئی ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا فوجی مبصر غیر جانبدارانہ اپنی سرگرمیاں انجام دیتا ہے، ہمیں ان حالات و واقعات کا بخوبی علم ہے۔