باسکٹ بال کے عالمی مقابلوں میں حجاب کی اجازت
اسلام آباد (بی بی سی) باسکٹ بال کے کھیل کے قوانین میں تبدیلی کے بعد اب کھلاڑیوں کو عالمی مقابلوں کے دوران بھی حجاب پہننے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ سابقہ قوانین کے تحت خاتون کھلاڑی سر پر حجاب نہیں پہن سکتی تھیں کیونکہ اسے کھیل کے دوران کھلاڑیوں کے لیے خطرناک قرار دیا گیا تھا۔ جمعرات کو باسکٹ بال کی عالمی فیڈریشن (فیبا) نے جن نئے قوانین کی توثیق کی ہے وہ یکم اکتوبر سے نافذ العمل ہوں گے۔ 2014ء میں قطری خواتین کی باسکٹ بال ٹیم نے حجاب پہن کر کھیلنے کی اجازت نہ ملنے پر ایشیائی کھیلوں میں شرکت سے انکار کیا تھا۔ ستمبر 2014ء میں فیبا نے حجاب کے حوالے سے اپنے قانون پر نظرِ ثانی کا عمل شروع کیا تھا اور پھر دو برس کے تجرباتی مرحلے کے دوران قومی سطح کے مقابلوں میں باحجاب کھلاڑیوں کو حصہ لینے کی اجازت ملی تھی۔