فیصل آباد:ٹریفک حادثے میں زخمی فصل صالح حیات کی حالت بہتر
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) امین پور بائی پاس کے قریب ٹریفک حادثہ میں زخمی ہونے والے سابق وفاقی وزیر داخلہ مخدوم فیصل صالح حیات کو الائیڈ ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے‘ ڈرائیورکی حالت تاحال تشویشناک ہے۔تفصیلات کے مطابق اٹھارہ ہزاری دربار جھنگ کے گدی نشین پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر داخلہ مخدوم زادہ سید فیصل صالح حیات اپنی فیملی کے ہمراہ دو گاڑیوں پر لاہور سے اپنے آبائی گائوں شاہ جیونہ کی جانب جا رہے تھے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب فیصل آباد موٹروے سے اتر کر امین پور بائی پاس کی جانب 6کلو میٹر دور جا کر تیز رفتاری میں ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں گاڑی نمبرLEB-7638مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار سید فیصل صالح حیات اپنے ڈرائیور قاسم سمیت شدید زخمی ہو گئے ‘ جنہیں نصف گھنٹہ بعد موقع پر پہنچنے والی پٹرولنگ پولیس اور ریسکیو1122کی امدادی ٹیموں نے الائیڈ ہسپتال منتقل کیا جہاں ایم ایس نے سینئر ڈاکٹرز کو طلب کرکے سید فیصل صالح حیات کو پرائیویٹ وارڈ نمبر2کمرہ نمبر ایک میں داخل کر لیا اور ڈرائیور قاسم کو آئی سی یو میں رکھا گیا جہاں دونوں کو سینئر پروفیسرز نے طبی امداد دیتے ہوئے علاج شروع کر دیا‘ ڈاکٹرز کے میڈیکل بورڈ کے مطابق مخدوم فیصل صالح حیات کے دائیں آنکھ دائیں کندھے اور بائیں بازو پر چوٹ لگی ہے ‘ جبکہ ان کے ڈرائیور کو جسم کے مختلف مقامات پر شدید چوٹیںآئی ہیں ‘ سابق وفاقی وزیر کی حالت قدرے بہتر اور ان کے ڈرائیور کی حالت نازک ہے ‘ حکومت کی طرف سے بہترین علاج کے احکامات کے بعد ہسپتال کی سکیورٹی بھی ہائی الرٹ ہے۔ ‘سپیکر نے عیادت کی