نوازشریف پانامہ‘ نیوز لیکس میں بچ سکتے ہیں‘ لوڈشیڈنگ سے نہیں‘ خورشید شاہ: جس کا حساب مانگو ریکارڈ جل جاتا ہے‘ قمر کائرہ
لاہور(خبرنگار+نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے کہا ہے کہ نام حسین نواز یا مریم کا آئے نوازشریف اصل چور تم ہو۔کوئی محب وطن بھارتی سربراہوں کو شادیوں پر نہیں بلاتا۔ قوم جندال سے میٹنگ کی اصل کہانی پوچھتی ہے۔ حسین نواز نے پانامہ اور بیوروکریٹس نے نیوز لیکس میں قربانی دیکر مریم نواز کو بچایا۔ پیپلزپارٹی پنجاب کے زیراہتمام ناصر باغ میں ہونیوالا احتجاجی اجلاس جلسہ کی صورت اختیار کرگیا۔ خورشید شاہ، اعتزازاحسن، قمر زمان کائرہ، چودھری منظور، ندیم افضل چن، مصطفی نواز کھوکھر، منظور احمد وٹو، چودھری اسلم گل، محمد نوید چودھری، حاجی عزیزالرحمن چن، بیگم ثمینہ خالد گھرکی سمیت دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔ پیپلزپارٹی نے لوڈشیڈنگ کیخلاف ورکرز کا احتجاجی اجلاس مینار پاکستان طلب کیا تھا لیکن حکمران جماعت کی طرف سے اجازت نہ ملنے کے بعد ناصر باغ میں گزشہ روز اجلاس ہوا۔ بن بلائے ہزاروں جیالوں کی شرکت کے باعث یہ اجلاس جلسے کی صورت اختیار کرگیا۔ رہنمائوں نے ہاتھ والے پنکھے اٹھا رکھے تھے۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کو مبارکباد دیکر کہا کہ آپ کی وجہ سے لاہوریوں کو لوڈشیڈنگ سے چھٹکارا مل گیا۔ شہید بے نظیر بھٹو نے 94 میں آئی پی پی سے 24 ہزار میگاواٹس کے معاہدے کئے تاکہ بجلی لائی جائے لیکن نوازشریف نے اقتدار میں آکر ان کو بھگا دیا، مقدمات قائم کئے اور پھر ملک کو اندھیروں میں ایسا ڈبویا کہ آج تک ڈوبا ہوا ہے۔ پنجاب والے یکطرفہ فیصلہ نہ کریں کہ وہ تین ماہ سے تین سال تک بجلی دینے کے جھوٹے وعدے کرنے پر حکمرانوں کے نام بدل دیں بلکہ اس عمل میں باقی تین صوبوں سے بھی نام آنے چاہئیں تاکہ قوم اتفاق رائے سے میاں شہباز شریف کی خواہش پوری کرے جنہوں نے کہا تھا کہ تین ماہ میں بجلی نہ دی تو نام تبدیل کردینا آج چار سال ہوگئے کل لوڈشیڈنگ چھ اور آٹھ گھنٹے تھی تو اب 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہے۔ ہمارے دور میں تیل مہنگا تھا لیکن ہم نے رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ نہیں ہونے دی لیکن اب تو پٹرول تین گنا زیادہ سستا ہوچکا ہے۔ میں دعوے سے کہتا ہوں کہ آپ کو پانامہ لیکس میں کسی نے بچالیا۔ نیوز لیکس میں بھی بچا لیا لیکن لوڈشیڈنگ سے آپ نہیں بچتے یہ آپ کو ڈبو دیگی۔ خورشید شاہ نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ نے اداروں کیخلاف سازش کی وزیرداخلہ نے واہ کینٹ میں جو کیا، ایک ٹویٹ آیا تو آپ آئی ایس پی آر پر برس پڑے اور کہا کہ ہم نے بدلہ لے لیا۔ ہمارا موقف ہے کہ یہ ریاست ، ملک ، جمہوریت، عوام، کسان، مزدور کے لئے ٹھیک نہیں۔ میاں صاحب آپ قوم کو بتائیں جندال کے ساتھ کیا میٹنگ کی۔ تمہیں کیا چاہیے عوام ایک ایک روپیہ اکٹھا کرکے دیگی اربوں روپے دے دیگی تمہیں لیکن دشمن سے دوستیاں قابل قبول نہیں۔ اعتزازاحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کا میڈیا سیل اہم ملکی میٹنگوں کی ریکارڈنگ کرتا ہے جس کے گواہ ہم ہی نہیں سارے اپوزیشن والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم عدالت کے کٹہرے میں نوازشریف کو کھینچ کر لاتی ہے، پہلے کہتے تھے کہ ہمارے پاس دولت نہیں اب مان لیا اور بچوں کا نام لگا دیا۔ مریم نوازشریف کو بچانے کے لئے پہلے بیٹے سے اقبال جرم کروالیا اب ڈان لیکس ہوئی اس میں دو بیوروکریٹس کو جھونک دیا۔ میں نے نوازاور شوباز شریف سے سوال کرنا ہے یہ سب ڈرامے آپ نے کئے اس کا حساب پوچھنا ہے، نعرے مار کر ووٹ مانگا تھا وہ حساب مانگ رہے ہیں، ہم تو مینار پاکستان پر کیمپ لگانا چاہتے تھے شہباز شریف نے شوبازیاں کرنا ہوں تو مینار پاکستان کے نیچے، لیکن ہمیں اجازت نہ ہو یہ اخلاقی اور جمہوری جرم ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی میاں برادران سے کرپشن اور لوٹ مار کا پیسہ واپس لیکر ملک اور عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کریگی۔ یہ کہتے تھے کہ کسی بھی قسم کی کرپشن ثابت ہوجائے تو سیاست چھوڑ دیں گے مگر جب جنگلہ بس کا حساب مانگا گیا تو ایل ڈی اے کی عمارت کو آگ لگوا کر نہ صرف سارا ریکارڈ جلا ڈالا گیا بلکہ 22 افراد بھی زندہ جلا کر موت کی وادی میں پہنچا دیا گیا۔ پھر ان سے اورنج ٹرین کا حساب مانگا گیا تو نیسپاک کا ریکارڈ جلا دیا گیا۔ اسی طرح موٹروے کا حساب مانگنے پر این ایچ کے ریکارڈ کو آگ لگو ادی گئی اور نندی پور پاور پراجیکٹ کا حساب مانگا تو نندی پور میں آگ لگوا کر وہاں بھی ریکارڈ جلا دیا گیا۔ قمرالزماں کائرہ نے کہا کہ اب ڈر ہے کہ پانامہ کا حساب مانگنے پر خدانخواستہ کہیں عدالت میں آگ نہ لگوادیں۔ جس کا حساب مانگو ریکارڈ جل جاتا ہے۔ جب اللہ تعالیٰ رسی کھینچ لیتا ہے تو پھر کوئی نہیں بچ سکتا۔ قوم بھی حساب مانگنے کے در پہ آگئی ہے اس لئے تمہارا بچنا اب مشکل ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بلاول بھٹو، عمران خان، سراج الحق اور قوم کا بچہ بچہ کہتا ہے مک گیا تیرا شو نواز گو نواز گو۔ قبل ازیں مرکزی سیکرٹری اطلاعات چودھری منظور احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف تم اور تمہارا لیڈر جھوٹا ہے۔ چودھری منظور نے اعلان کیا کہ بلاول بھٹو کی ہدایت پر احتجاج کے اگلے مرحلے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر احتجاج ہوگا۔ انہوں نے شریف خاندان کو مخاطب کرکے کہا کہ استعفیٰ ہم نے مانگا ہے اناڑی کھلاڑی نے نہیں مانگا اور تم جانتے ہو جب ہم استعفیٰ مانگتے ہیں تو تم کو جانا پڑتا ہے۔ علاوہ ازیں خورشید شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔ ہم چاہتے ہیں پارلیمنٹ اور نظام چلے لیکن نواز شریف اسے متاثر کرنا چاہتے ہیں - جمہوری نظام کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار نواز شریف ہوں گے- خورشید شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کو سیاست کی الف ب نہیں آتی- سمجھ داری سے کام لیتے تو حالات اس نہج تک نہ پہنچتے-جس طرح نواز شریف نے تلاشی دی ہے عمران بھی ایسی تلاشی دے دیں۔قمر زمان کائرہ نے کہا شہباز شریف نے وعدہ کیا تھا کہ لوڈ شیڈنگ ختم نہ کروں تو نام بدل دینا شہباز شریف تمہارا نام بدلنے کیلئے ہم نے ڈبہ رکھ دیا ہے۔ میاں صاحب آپ کی چوریاں عالمی ادارے نے پکڑی ہیں۔