پرویز مشرف کیخلاف آرٹیکل 6کے تحت کیس کی سماعت آج ہوگی
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)خصوصی عدالت میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت سنگین کیس کی سماعت آج ہوگی ۔کیس کی سماعت جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔گزشتہ سماعت پر عدالت نے وزارت داخلہ کو ملزم مشرف کی منقولہ غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات جمع کروانے کا حکم جاری کیا تھا ۔ واضح رہے کیس میں پرویز مشرف کی اہلیہ صہبا مشرف اور بیٹی نے درخواست دائر کی ہے کہ حکومتی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے پولیس مشرف کی ان جائیدادوں کو بھی قبضہ میں لے رہی ہے جو مشرف کے نام نہیں عدالت حکم جاری کرتے ہوئے اس اقدام سے روکے ۔جبکہ کیس میں استغاثہ کے وکیل اکرام شیخ نے دستاویزات اور ایک متفرق درخواست جمع کروائی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔