• news

پسرو ر: شہباز شریف کا گندم خریداری مرکز پر چھاپہ‘ کاشتکاروں کو چکر لگوانے والے عملے کی سرزنش

لاہور+ پسرور+ سیالکوٹ+ ڈسکہ (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگاران) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پسرور کے علاقے پورب کلیئر میں گندم خریداری مرکز پر اچانک چھاپہ مارا۔ وزیر اعلیٰ بغیر پیشگی اطلاع اور بغیر پروٹوکول گندم خریداری مرکز پہنچے اور کاشتکاروں کو فراہم کی جانیوالی سہولتوں کا معائنہ کیا اور موجود کاشتکاروں سے ملاقات کی اور سہولتوں اور عملے کے رویے کے بارے دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ نے باردانہ کی تقسیم کے عمل کا بھی تفصیل سے جائزہ لیا اور باردانہ کی تقسیم کے رجسٹرکو چیک کیا۔ گوداموں کا بھی دورہ کیا اور موقع پر ہی انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعلیٰ نے گندم خریداری مرکز کے دورے کے دوران بعض کاشتکاروںکی جانب سے تیسری بار چکر لگوانے کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے خریداری مرکز کے عملے کی سرزنش کی اور عملے کے کاشتکاروں کے ساتھ رویے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کاشتکاروں کی شکایات پر گندم خریداری مرکز کے عملے کیخلاف انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ شفاف اوربلاامتیاز انکوائری کرکے جلد رپورٹ پیش کی جائے اور تحقیقات کی روشنی میںذمہ داروں کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوںنے کہا کہ کاشتکاروں کو گندم خریداری مراکز کے باربار چکر لگوانے والے عملے کو کسی صورت برادشت نہیں کروں گا۔ گندم کے خریداری مراکز کاشتکاروں کی سہولت کیلئے بنائے گئے ہیں نہ کہ انہیں چکر لگوانے کیلئے، میں کاشتکاروں کو دھکے کھاتا نہیں دیکھ سکتا اور کاشتکاروں کیساتھ گندم خریداری مراکز پر ایسا سلوک کرنیوالے عملے کیخلاف سخت کاروائی ہو گی۔ کسانوں سے کسی قسم کی ناانصافی نہیں ہونے دوں گا اور میں خود ہر جگہ پہنچوں گا۔ پنجاب حکومت نے گندم خریداری مہم کیلئے انتہائی شفاف پالیسی بنائی ہے اور اس پالیسی سے کوئی غیر مستحق فائدہ نہیں اٹھا سکے گا اور گندم خریداری مہم میں بھی میرٹ کی پالیسی کا بول بالا ہوگا۔ وزیراعلیٰ سے امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف سے سویڈن کی سفیر انگریڈ جوہانسن کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، کوڑا کرکٹ سے توانائی پیدا کرنے، روڈ سیفٹی، گاڑیوں کی انسپکشن و سرٹیفکیشن، ڈرائیونگ ٹریننگ سکول اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں قائداعظم ایپرل پارک کے منصوبے کے متعدد امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن