ردالفساد‘ نیا بیانیہ درکار‘ فلم برداشت کا پیغام عام کرسکتی ہے: مریم اورنگزیب
کراچی(صباح نیوز+ این این آئی+ بی بی سی) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ ملک کیلئے گیم چینجر ہے،کس کو کیا مل رہا ہے اس پر بات نہیں ہونی چاہئے، 34ارب کے پاور پراجیکٹ سے پورے ملک کو بجلی ملے گی۔ کراچی میں گورنر سندھ محمد زبیر نے سی پیک اکانومک ڈویلپمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی ہمارے ویژن کی تعریف کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے عالمی کمپنیاں پاکستان آنا چاہتی ہیں، گوادر میں تعمیر ہونے والے ہوائی اڈے اور دیگر منصوبوں سے پورے بلوچستان کو فائدہ ہوگا۔ اس منصوبے سے صرف چین اور پاکستان کو نہیں بلکہ پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم نے کراچی کے کاروباری طبقے کی نمائندگی سے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کی سربراہی میں کررہا ہوں، خواہش ہے کہ یہ کمیٹی ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔ دریں اثناء گورنر سندھ محمد زبیر سے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ کی مجموعی سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم صوبہ کی فلاح و بہبود کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہے ہیں جو کہ صوبہ کے عوام کے لئے خوش آئند ہے بالخصوص صوبہ میں انفراسٹرکچر کی بحالی ،M-9 موٹروے ، حیدرآباد و جیکب آباد کے لئے ترقیاتی پیکج، ٹھٹھہ میں 500 بستروں پر مشتمل ہسپتال کی تعمیر کا اعلان، ہیلتھ کارڈ ، کراچی میں فراہمی آب کا عظیم الشان منصوبہ K-IV ، گرین لائن منصوبہ وزیر اعظم کی جانب سے صوبہ کے عوام کے لئے زبردست تحفہ ہیں۔ ملاقات میں وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم کا وژن بہت واضح ہے، وہ تمام علاقوں کی یکساں ترقی چاہتے ہیں۔ گورنر سندھ محمد زبیرنے کہا ہے کہ پٹرول اور دیگر ایندھن عوام کی بنیادی ضرورت ہے جس کی تسلسل سے فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں بھرپور اقدامات کو یقینی بنائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی پیداوار اور روز مرہ کے امور کی انجام دہی میں ایندھن کی بلا تعطل فراہمی عوامی مفاد میں شامل ہے جس کے لئے بھرپور وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پاکستان پیٹرولیم اور سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشنز کے چیئر مین عبد السمیع خان کی سربراہی میں آنے والے 15 رکنی وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں صوبہ بھر میں پیٹرول کی فراہمی،آئل ٹینکرز کے مسائل ،پیٹرولیم اور سی این جی ڈیلرز کو درپیش مشکلات اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے کراچی میں ملک کی پہلی فلم پالیسی بنانے کیلئے ہونے والے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد علی جناح ایک لبرل اوربرداشت پر مبنی پاکستان چاہتے تھے۔ گورنر ہاؤس میں وزارتِ اطلاعات کی جانب سے پاکستان کی پہلی فلم پالیسی بنانے کے لیے تمام فلم کے شعبے سے متعلق افراد سے مشاورت کے لیے پہلا باضابطہ اجلاس منعقد ہوا جس میں فلمی صنعت سے وابستہ افراد شریک ہوئے۔ محمد زبیر نے کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناح ایک لبرل اور برداشت پر مبنی پاکستان چاہتے تھے اور ان کی گیارہ اگست کی تقریر اس بات کی گواہ ہے کہ انہوں نے مسجد اور مندر کا نام ایک ہی ساتھ لیا تھا۔انہوں نے کہا کہ 70 سال کے سفر کے بیچ میں ہم نے قائد اعظم کے پاکستان کو انتہا پسندی کا پاکستان بنا ڈالا اور وہ پیغام ہی بدل دیا۔اس طرح جب بندوق ہماری کنپٹی پر رکھی گئی تب ہمیں خیال آیا کہ ہم نے بہت سی جگہ انتہا پسندی کو سونپ دی ہے۔گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فلموں کی نمائش میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی انہوں نے بہت کوشش کی۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے اعلیٰ ترین سطح پر کہا کہ وہ ماہرہ خان والی فلم پاکستان میں لگنی چاہیے اور وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب گواہ ہیں کہ میں نے بہت کوشش کی اگرچہ یہ کوشش بارآور ثابت نہیں ہوئی۔اس موقع پر وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں فلمیں سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بچے بِگ بین کی تصویر پہچانتے ہیں مگر روہتاس کے قلعے کا انہیں نہیں معلوم۔ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں حکومت کئی ماہ سے کام کر رہی ہے اور اسی لیے اب اس مشاورت کا باقاعدہ عمل شروع کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آپریشن ردالفساد کے لیے ایک نیا بیانیہ درکار ہے اور فلم ایک ایسا ذریعہ ہے جس سے برداشت کا پیغام عام کیا جا سکتا ہے۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک جاپان دو طرفہ مستحکم و مضبوط تعلقات خطہ کے وسیع تر مفاد میں ہیں ، مشترکہ سرمایہ کاری ، تجارتی وفود کے تبادلے ، جدید ٹیکنالوجی اور پاکستان کی معاشی ترقی میں جاپان کا کردار اہم ہے ، جاپان کی پائیدار اور مضبوط مصنوعات اپنی مثال آپ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں جاپانی سرمایہ کاروں کے لئے وسیع مواقع دستیاب ہیں با لخصوص زراعت ، ٹیکسٹائل ، توانائی ، انفرااسٹرکچر ، تعلیم و صحت سمیت دیگر شعبے جاپانی سرمایہ کاروں کے لئے فوری منافع کی ضمانت ہیں اس ضمن میں جاپانی سرمایہ کاروں کا کراچی میں سرمایہ کاری میں دلچسپی خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں جاپان کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور Nobuo kishi کے ہمراہ آنے والے 6 رکنی وفد سے گفتگو کے دوران کیا ۔