اقوام متحدہ میں پاکستان کا کردار قابل تعریف، دورہ کا منتظر ہوں: انٹونیو گوئٹرس
اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوئٹرس نے کہا ہے کہ عالمی ادارے میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے۔ انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کی طرف سے منعقدہ عشائیے میں شرکت کے موقع پر کہی۔ ملیحہ لودھی کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت کے اعادہ پر انٹونیو گوئٹرس نے بتایا وہ دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔قبل ازیں وزیراعظم محمد نواز شریف نے انہیں ڈیووس میں ملاقات کے دوران دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔عشائیے میں درجنوں ممالک کے سفارت کاروں اوراہم شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر چاروں صوبوںکے روایتی کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔ اس موقع پر ملیحہ لودھی نے سیکرٹری جنرل کوپاکستانی روایتی پگڑی میں کھینچی گئی تصویربھی پیش کی۔یہ تصویر اس وقت کھینچی گئی تھی جب سیکرٹری جنرل نے پناہ گزینوں کے ادارے کے سربراہ کے طورپر پاکستان کا دورہ کیا تھا ۔ انٹونیو گوئٹرس نے اس تحفے کو سراہا۔