تحریک انصاف جے آئی ٹی کی شفافیت پر سمجھوتہ نہیں کرے گی: فوادچوہدری
اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پانامہ کیس کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی جانے والی جے آئی ٹی کی شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ جمعہ کوسپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ سپریم کورٹ پر ہمیں پورا اور مکمل اعتماد ہے،جے آئی ٹی سے متعلق افواہوں کی مذمت کرتے ہیں۔ہم اس معاملے پر مکمل طور پر سپریم کورٹ کے ساتھ ہیں، ہم پرامید ہیں جے آئی ٹی اپنی رپورٹ ساٹھ دنوں میں بنا لے گی۔ وزیراعظم ہر چیز پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں اس لئے ہم کڑی نگاہ رکھیں گے کہ حکومت جے آئی ٹی کی کارروائی پراثر انداز نہ ہو۔نعیم الحق نے کہا کہ قوم ڈان لیکس کی رپورٹ منظر عام پر آنے کی منتظر ہے لیکن وزیر اعظم نے اس معاملے کی رپورٹ کو دبا رکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے خیال میں سانحہ ماڈل ٹاون کی رپورٹ میں وزیراعظم کے بھائی شہباز شریف کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے اس لیے اس رپورٹ کو بھی چھپا کر رکھا گیا یے، ہمارا مطالبہ ہے کہ نواز شریف صاحب سچ پر سمجھوتہ نہ کریں۔اس موقع پر تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم نے پہلے دن سے عدلیہ کا احترام کیا ہے، پاکستان میں یہ روایت نہیں کہ اپوزیشن عدالتی فیصلوں کو تسلیم کریں لیکن ہم عدالتی فیصلوں کو کسی بھی حجت کے بغیر قبول کررہے ہیں، پانامہ کیس عمران خان کا ذاتی معاملہ نہیں یہ پاکستان کے 20کروڑ عوام کا مقدمہ ہے، ہم تو پہلے دن سے ہی بتارہے ہیں کہ وزیر اعظم اپنے عہدے سے استعفی دیں اور تحقیقات میں شامل ہوجائیں۔