رہائی کے بعد نیب کیخلاف مقدمہ درج کرائونگا: ڈاکٹرعاصم
کراچی (وقائع نگار) ہائر ایجوکیشن کمشن سندھ کے چیئرمین اور پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹرعاصم حسین نے کہا ہے کہ نیب ایک ایسا ادارہ ہے جو کرپشن میں مبتلا ہے اور رہائی کے بعد نیب کیخلاف مقدمات درج کرائونگا۔ گزشتہ روز کراچی کی احتساب عدالت میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹرعاصم نے کہا کہ نیب ایک ایسا ادارہ ہے جو کرپشن میں مبتلا ہے، نیب کا سلوگن سے نوٹوکرپشن سے اب تبدیل ہوکر سیٹ آ تھیف ٹو کیچ آ تھیف ہونا چاہئے، جبکہ نیب خود سپریم کورٹ میں پھنسا ہوا ہے۔ اگر میں نے کرپشن کی ہے تو ایک فیصد تو بتایا جائے، میرے اوپر 462 ارب روپے کی کرپشن کا الزام لگایا ہے، اس کا ایک فیصد تو مجھے دے دیں، ایک فیصد کا آدھا ان صحافیوں کودوں گا جنہوں نے میرے مقدمات میں محنت کی۔ڈاکٹرعاصم نے سیاسی گفتگو سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی ہوٹل میں لکھا ہوتا ہے سیاسی گفتگو سے پرہیز کریں تو میں بھی کررہا ہوں۔ وسیم اختر کا جو آئینی حق ہے وہ ملنا چاہیے۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر سیاست کو خیر باد کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ نہ الیکشن لڑوں گا اور نہ ہی گورنربنوں گا۔ اس سے قبل کراچی میں احتساب عدالت میں ڈاکٹرعاصم اور دیگر ملزموں کے خلاف کرپشن کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران ڈاکٹر عاصم نے استدعا کی کہ میرے وکیل انور منصور کے آنے تک سماعت ملتوی کی جائے جس پر فاضل جج نے کیس کی سماعت 20 مئی تک ملتوی کردی۔