غیر قانونی پیوندکاری، ملزموں کے ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع، تفتیشی نااہل ہے: عدالت
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) مقامی جوڈیشل مجسٹریٹ نے گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کرنے والے ملزموں کے جسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ مقدمہ کا تفتیشی افسر نااہل ہے اور اس کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی کی جائے۔ ایف آئی اے نے جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر ملزم ڈاکٹر فواد، ڈاکٹر التمش، آپریشن تھیٹر اسسٹنٹ عمر دراز اور شہزاد کو ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ فاروق اعظم سوہل کی عدالت میں پیش کیا دوران سماعت فریقین کے وکلا دلائل دیتے ہوئے ایک دوسرے سے الجھ پڑے اور ان میں تلخ کلامی ہوگئی۔ ہنگامہ آرائی کی وجہ سے جوڈیشل مجسٹریٹ نے عدالتی کارروائی روک دی، فریقین کے وکلاء کے درمیان ہنگامہ آرائی متاثرہ افراد کے وکیل ارشاد بیگ کے کمرہ عدالت میں نازیبا جملہ کہنے پر شروع ہوئی، گرفتار ڈاکٹر التمش کے وکیل کی جانب سے بتایا گیا کہ مقدمہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ ایف آئی اے نے ملزموں سے کی گئی تفتیش کی رپورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ فاروق اعظم سوہل کو پیش کی اور استدعا کی ملزموں کا مزید دس روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے، عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد ایف آئی اے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزموں کے جسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کر دی، عدالت نے اپنے حکم میں ڈائریکٹر ایف آئی اے کو حکم دیا ہے کہ ملزموں کا میڈیکل نہ کروانے پر مقدمہ کے تفتیشی خضر عباس ہاشمی کے خلاف کارروائی بھی کی جائے۔