• news

لاہور :عدالتوں نے وزیراعظم کا احتساب کیا تو قوم احسان مند ہو گی: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عدالتو ں نے وزیراعظم کا احتساب کیا تو قوم احسان مند ہوگی اور شاباش دے گی لیکن اگر کرپٹ ٹولہ احتساب سے بچ نکلا تو قوم اپنے ووٹ کی طاقت سے کرپشن کے سومنات کو پاش پاش کرے گی۔ کرپشن کا علاج صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے۔ پولیو سے بچائو کی طرح حکمرانوں کو بھی کرپشن سے بچائو کے ٹیکے لگانے چاہئیں۔ چمن بارڈر پر حملہ کی شدید مذمت کرتے ہیں یہ بھارت کی سازش ہے کیونکہ بھارت نہیں چاہتا کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان دوستی ہو اور دونوں ملکوں کی سرحدوں پر امن رہے۔ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج افغانستان جو ہمارا دوست تھا ، دشمنی پر اتر آیا ہے۔ ہم اقتدار میں آ کر ایسی خارجہ پالیسی دیں گے کہ کسی دشمن کو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہ ہوگی۔ منصورہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹانک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف پاکستان دشمن نریندر مودی کو آم بھیجتے ہیں جبکہ سید علی گیلانی سے سلام لینے کے بھی روادار نہیں۔ حکمران اللہ سے بغاوت کا رویہ چھوڑدیں، سود اللہ اور رسول ؐ کے خلاف اعلان جنگ ہے اور وزیراعظم نے سود کے خلاف شریعت کورٹ کے فیصلے کو تسلیم نہیں کیا اور سپریم کورٹ میں التواء کی رٹ دائر کرا دی ۔ انہوں کہاکہ ہم ملک میں اللہ کی حاکمیت اور خلافت راشدہ ؓ کا نظام چاہتے ہیں جس میں عوام اور حکمران برابر ہوں اور عام آدمی کو بھی تعلیم، صحت، روزگار اور چھت جیسی بنیادی سہولتیں مل سکیں۔ سراج الحق نے امید ظاہر کی کہ آئندہ انتخابات میں مظلوم اور محکوم عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن