صفدر آباد، ننکانہ، نارنگ منڈی مانانوالہ میں وزیراعلیٰ پنجاب کی آمد کی افواہیں، سکیورٹی الرٹ رہی
ننکانہ، نارنگ منڈی، مانانوالہ (نامہ نگاران) وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی مختلف شہروں کے مراکز خریداری گندم کے دورے کی افواہیں گردش کرتی رہیں جس کے باعث سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی آمد کی اطلاع نے مقامی محکمہ خوراک کے فوڈ سنٹر پر وزیراعلیٰ کی آمد کی افواہ پر انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔ کسانوں کی بڑی تعداد اپنی داد رسی کے لیے فوڈ دفتر پہنچ گئی۔ مانانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے مرکز خریداری گندم مانانوالہ کا دورہ کرنا تھا ٹی ایم اے شیخوپورہ، محکمہ پولیس، مال و صحت اور خفیہ ایجنسیوں کے اہلکار دن بھر انتظامات میں مصروف رہے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ننکانہ صاحب متوقع آمد کے سلسلہ میں ہاکی سٹیڈیم ننکانہ صاحب میں ہیلی پیڈ تیار کیا گیا سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔ صفدرآباد سے نامہ نگارکے مطابق انتظامیہ کو اطلاع ملی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پر صفدرآباد تشریف لائیں گے جس پر انتظامیہ نے ہیلی پیڈ تیار کیا لیکن وزیر اعلیٰ تمام دن میں صفدرآباد نہ آئے جس پر مختلف جگہ سے آئے ہوئے سائلین کو سخت گرمی میں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کے دورہ کے حوالے سے تحصیل کے 12سینٹروں پر کاشتکاروں کی کثیر تعداد موجود رہی اور تپتی دھوپ میں وزیر اعلیٰ کا انتظار کرتی رہی شام گئے تک کاشتکار بھوکے پیاسے اور گرمی میں سینٹروں پر موجود رہے اور شام ہوتے ہی کاشتکاروں کو وزیر اعلیٰ کے وہاڑی نہ آنے کی اطلاع ملتے ہی کاشتکاروں میں شدید غم اور غصہ کی لہر دوڑ گئی۔