انتخابات 2018 ئ: بلا رکاوٹ کرانے کے لئے الیکشن کمشن‘ نادرا میں ٹی او آر طے‘ معاہدہ پر دستخط
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) الیکشن کمشن اور نادرا کے درمیان آئندہ عام انتخابات کے سہل اور رکاوٹ کے بغیر انعقاد کیلئے ٹی او آرز طے پا گئے، چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار رضا اور چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین کے درمیان ملاقات کے موقع پر دونوں اداروں کے درمیان ٹی او آرز پر مبنی معاہدے پر باقاعدہ دستخط کر دئیے گئے، نادرا ان ہی ٹی او آرز کے تحت2018ء کے عام انتخابات تک کمشن کو اپنی سروسز اور معاونت فراہم کرے گا۔ چیئرمین نادرا نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی جس میں ووٹرز فہرستوں میں اندراج کے حوالے سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سردار محمد رضا نے الیکشن کمشن کے لئے نادرا کی خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے انتخابی فہرستوں میں رجسٹرڈ مردوخواتین کے ووٹوں میں 12.17ووٹرز کے فرق کو اجاگر کرتے ہوئے چیئرمین نادرا پر زور دیا کہ وہ مردوخواتین ووٹرز کے اس فرق کو کم سے کم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کریں اور زیادہ سے زیادہ خواتین کے ووٹ رجسٹرڈ کر کے اس گیپ کو کم کرے۔ چیئرمین نادرا نے چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کیا کہ نادرا خواتین کو زیادہ سے زیادہ شناختی کارڈ کے اجراء کیلئے خصوصی اقدامات کررہا ہے تاکہ اس گیپ کو کم کیا جا سکے۔