عمران خیبر پی کے کے عوام کے مجرم، تبدیلی کا عشر عشیر بھی نظر نہیں آ رہا: امیر مقام
پشاور ( این این آئی) وزیراعظم کے مشیر و پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پی کے کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ چوراہوں میں احتساب کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں کا اپنا احتساب کمشن مقفل ہے، عمران خان خیبر پی کے کے عوام کے مجرم ہیں، خیبر پی کے میں عملی کام اور تبدیلی کا عشر عشیر بھی نظر نہیںآرہا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے خیبر پی کے کے عوام کو صرف اپنے مقاصد کے حصول کیلئے استعمال کیا ہے، دھرنا خان لیڈر نہیں پروپیگنڈا ماسٹر ہے، آئندہ انتخابات میں خیبر پی کے کے عوام انہیں مستر کر دیں گے، تبدیلی کے نام پر صوبے میں اداروں کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے راگ الاپنے والوں نے بلدیات کا جنازہ نکال دیا، پانچ اداروں کے بعد اب سی اینڈ ڈبلیو کو بھی ناظمین کے اختیار سے نکالنے کیلئے صوبائی حکومت نے تیاری شروع کردی ہے جبکہ بلدیاتی نمائندوںکے اختیارات پہلے سے حذف کردیئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شانگلہ میں 132-KVپورن گرڈ سٹیشن کے افتتاح کے بعد ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔