• news

2018ءمیں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ پورا کرینگے: خواجہ آصف

سیالکوٹ+ اسلام آباد (نامہ نگار+ این این آئی) وفاقی وزیر دفاع، پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے والوں نے ہی ہمیں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا تحفہ دیا ہے۔ بجلی کا شارٹ فال صرف تین ہزار میگاواٹ رہ گیا ہے۔2015ءسے اندسٹری میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ صفر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ کرپشن کرنے والے آج کرپشن کے خلاف بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی وجوہات کی بنا پر پاور پلانٹس بند کرنے پر بھی گالیاں دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم 2018میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرکے جائیں گے۔ ہم بجلی کی پیداوار میں سرپلس ہوں گے اور ہمارا منصوبہ دس سال کا ہے جس میں ہر سال کی پیداوار شامل ہو گی۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ 1993سے لیکر آج تک سیاسی زندگی پرسکون اور عزت سے گزاری ہے۔ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ میاں محمد نواز شریف کا سپاہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گالیاں دینے والے اپنا مقام حاصل نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن کا سال ہے اس لئے کارکن ابھی سے کمر کس لیںاور اپنی تنظیم کو کالجوں کی سطح پر لے کر جائیں۔ دریں اثناءایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2018ءکے آخر تک ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا جو وعدہ کیا ہے اسے پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو موسم کی شدت کا احساس ہے لیکن ہم یقین دلاتے ہیں کہ گرمیوں کا یہ موسم لوڈ شیڈنگ کا آخری سیشن ہوگا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وہ لوگ جو بجلی چوری میں ملوث ہیں ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت پر تنقید کرنے سے پہلے صوبائی حکومتوں کو اپنی کارکردگی پر غور کرنا چاہئے۔
خواجہ آصف

ای پیپر-دی نیشن