• news

عمران عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں‘ انسداد دہشتگردی کی پالیسی ناگزیر ہے: مریم اورنگزیب

کراچی(این این آئی)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان عوام کو بے وقوف بناتے پھر رہے ہیں ۔ وہ جلسے نہیں بلکہ جلسیاں کر رہے ہیں ۔ اگر انہیں سیاست سیکھنی ہے تو وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے سیکھیں ۔ ہماری حکومت کا ایجنڈا عوام کی خدمت اور ملکی مسائل کا حل ہے ۔ آئندہ انتخابات میں وہی کامیاب ہو گا ، جس نے عوام کی خدمت کی ہو گی ۔ وہ گورنر ہاؤس سندھ میں میڈیا سے بات چیت کر رہی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اصل جزیات سے ہٹ کر باتیں کررہے ہیں ، جو غیر اخلاقی عمل ہے ۔ جھوٹ بول کر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ عمران کو احتجاجی سیاست کے بجائے خیبرپی کے کے مسائل پر توجہ دینا چاہئے اور وہ کے پی کے کی حکومت کی کارکردگی کو بہتر بنائیں ۔ حکومت تیزی سے نئے بجلی گھروں کے تعمیر کے کام کو مکمل کر رہی ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا ۔ وزیر داخلہ کی الگ رائے ہو سکتی ہے اور مریم نواز کے ٹوئٹس پر بھی الگ رائے ہو سکتی ہے لیکن جب کسی کے والد کو سڑکوں پر گھسیٹا جائے گا تو وہ ردعمل تو ظاہر کرے گا ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم الزامات کی سیاست نہیں کرتے ۔ اگر کوئی الزام اور محاز آرائی کی سیاست نہیں کرتے لیکن اگر کوئی الزام لگائے گا تو ہم جمہوری اور قانونی طریقے سے اس کا جواب دیں گے ۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی کا تھا ، وزیر اعظم میاں محمدنوازشریف کی خصوصی دلچسپی ، افواج پاکستان اور دیگر سیکورٹی فورسز کی کاوشوں سے جس پر موثر انداز میں قابو پالیا گیا ہے۔ فلمی صنعت کی ترقی کیلئے مجوزہ فلم پالیسی وفاقی سطح پر تیارکی جا رہی ہے اور اس پر عملدرآمد میں صوبوں کا بھی اہم کردار ہوگا، وزیر اعظم محمد نواز شریف فلم انڈسٹری کی بحالی چاہتے ہیں، فلمی صنعت کی ترقی کے لئے پروفیشنل اکیڈمیز بنائی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز گورنر ہاؤس میں مجوزہ فلم پالیسی 2017ء کے حوالے سے میڈیا بریفنگ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم فلم کے زریعے پاکستان کے سوفٹ امیج، ورثہ اور ادب کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ تعلیمی نصاب میں اس چیزوں کوشامل کیا جائے ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پالیسی کا مقصد اچھی فلموں کی تیاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن