شہید بے نظیر زندہ ہوتیں تو سندھ کا یہ حال نہ ہوتا، حکومت نے کرکٹ اکیڈمی کیلئے زمین نہیں دی: آفریدی، وسیم اختر کا فون جگہ دینے کی پیشکش
کراچی(این این آئی+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہاہے کہ کاششہید بے نظیر بھٹو زندہ ہوتیں تو سندھ اور بالخصوص کراچی کی یہ حالت نہ ہوتی۔وہ اپنے اعزاز میں دی گئی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں لیکن سہولیات کا فقدان ہے اس لئے سندھ حکومت سے کافی عرصے سے اکیڈمی کیلئے جگہ مانگ رہا تھا لیکن شاید کھیل حکومت کی ترجیح نہیں اسلئے زمین دینے سے انکار کردیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں پینے کو صاف پانی تک میسر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ میں کام کرنے کی کوئی پیشکش نہیں آئی، کرکٹ بورڈ میں کرکٹرزکا ہونا ضروری ہے۔ پہلے بھی کہا تھا کہ پنجاب میں حالات ٹھیک نہیں توپی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہوناچاہئے۔ علاوہ ایں میئر کراچی وسیم اختر نے شاہد آفریدی کو کرکٹ اکیڈمی کیلئے جگہ دینے کا اعلان کر دیا۔ وسیم اختر نے آفریدی کوٹیلی فو کیا اور کے ایم سی کی گرائونڈ میں کرکٹ اکیڈمی کیلئے جگہ دینے کی پیشکش کی۔