• news

افغانستان میں طالبان شمالی قندوز کے ایک ضلع کا کنٹرول سنبھال لیا

کابل (آن لائن+صباح نیوز) افغانستان میں طالبان نے بہار حملوں کاآغاز کرتے ہوے شمالی قندوز کے ایک ضلع کا کنٹرول سنبھال لیا۔پولیس ترجمان محفوظ اکبری نے بتایا کہ فورسز نے چوبیس گھنٹوں کی طویل جھڑپ کے بعد مزید فوجی اور شہری ہلاکتوں سے بچنے کے لئے قندوز کے ضلع قالائی زال سے انخلا کر لیا ۔طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ طالبان نے ضلع میں پولیس ہیڈکوارٹرز ،گورنر کمپا¶نڈاور تمام چوکیوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے ۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ جھڑپوں میں متعد د فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ڈیڑھ سال کے دوران طالبان جنگجوں کی طرف سے قندوز میں کسی علاقے پر قبضے کا یہ دوسرا موقع ہے۔ اس سے قبل وہ اس شمالی صوبے میں مختصر وقت کے لیے علاقوں پر قابض رہ چکے ہیں۔دریں اثنا جنوبی صوبہ ہلمند میں پیش آنے والے ایک واقعے میں 4پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔صوبائی پولیس کے سربراہ جنرل آقا نور نے بتایا کہ یہ چاروں اہلکار مرکزی شہر لشکر گاہ کے مضافات میں ایک چوکی پر تعینات تھے۔ انہیں گزشتہ رات ان کے ساتھی اہلکاروں نے ہی مبینہ طور پر ہلاک کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔تاحال اس واقعے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے لیکن اس سے قبل بھی ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں جن میں سکیورٹی فورسز کے اہلکار اپنے ہی ساتھیوں کو موت کے گھاٹ اتار کر فرار ہو جاتے رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح موسم بہار میں کارروائیوں کے آغاز کے بعد سے طالبان کے زیرقبضہ اضلاع کی تعداد دو ہو گئی ہے۔ افغان طالبان نے گزشتہ ماہ کی اٹھائیں تاریخ کو موسم بہار کے حملے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسی روز طالبان نے شمال مشرقی صوبے بدخشاں کے ایک ضلعے زیبک کا کنٹرول بھی حاصل کر لیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن