بھارت کشیدگی کے ذریعے خطے کی ترقی اور امن کو خطرے میں نہ ڈالے: صدر ممنون
اسلام آباد+پشاور(آئی این پی+بیورو رپورٹ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بھارت کو امن اور دوستی کا پیغام دیتا ہوں اور اسے کہتا ہوں کہ کشیدگی کے ذریعے خطے کی ترقی اور امن و استحکام کو خطرے میں نہ ڈالے۔وہ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام دو روزہ صنعتی نمائش کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر بزنس مین فورم کے قائد سینیٹر الیاس احمد بلور ، صدر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حاجی محمد افضل اور نمائش کے کنوینر ذوالفقار علی خان نے بھی خطاب کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ افغان ہمارے بھائی ہیں ، ان کے ساتھ کھلے دل سے دوستی اور بھائی چارہ چاہتے ہیں۔ افغانستان میں امن و استحکام کے لیے انتہائی خلوص سے کام کررہے ہیں کیونکہ یہ ہمارے بھی مفاد میں ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ کھلے دل کے ساتھ دوستی اور تعاون چاہتی ہے جس میں یقینا کامیابی ہوگی۔ صدر مملکت نے کہا کہ کئی بیرونی قوتیں پاک افغانستان تعلقات میں رخنہ اندازی کرتی ہیں لیکن افغانستان ہمارے خلوص کو سمجھے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور سلامتی کا خواہشمند ہے۔ ایران کے ساتھ معاملات بہتر ہوئے دیگر ہمسایوں کے ساتھ بھی تعلقات بہتر بنانے میں جلد کامیابی ہوگی۔ صدر مملکت نے کہا کہ منفی قوتیں کچھ بھی کرلیں پاکستان کی قسمت میں ترقی اور خوشحالی لکھ دی گئی ہے۔ اس لیے عوام کو چاہئے کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے حکومت کا ساتھ دیں صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ دور میں صنعتی مقاصد کے لیے لوڈ شیڈنگ ختم کردی گئی ہے۔بجلی کی پیدا وار کے لیے بلوچستان میں چھوٹے چھوٹے ڈیم بنائے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی اقتصادی پالیسیاں درست سمت میں ہیں جن کے بہتر نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
صدر ممنون