عمران کا جلسہ فلاپ شو، بہتانی سیاست کا انجام قریب ہے: مسلم لیگ ن
اسلام آباد لاہور، (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار + این این آئی) مسلم لیگ (ن) نے تحریک انصاف کے جلسہ کو فلاپ شو قرار دیدیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کا سیالکوٹ کا جلسہ تاریخ کا کمزور ترین جلسہ تھا۔ عمران خان کے جلسے اب چلتے کم اور شرمندگی زیادہ ہوتے ہیں۔ وزیراعظم درست کہتے ہیں عمران کے جلسے جلسیوں میں بدل گئے ہیں۔ آصف کرمانی کا کہنا ہے کہ قوم عمران خان کا جھوٹ سن سن کر بور ہوگئی ہے۔ بکرے کی ماں کب تک خیر منائیگی، عمران خان کا کھاتہ کھل گیا، عمران خا کی بہتانی سیاست کا انجام قریب ہے۔ 2018ء کے بعد عمران ماضی کا قصہ بن جائیں گے۔ مزید برآں وفاقی وزیر ریلوے اور مسلم لیگ( ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہمارے مخالفین جھوٹ، دھونس اور گالی کا جو کلچر لانا چاہتے ہیں مسلم لیگ (ن) کے غیور اور محب وطن کارکن اس کا راستہ روکیں، وہ گلی محلوں میں اپنی جماعت کا پیغام لوگوں تک پہنچائیں۔ کراچی میں امن زرداری نہیں نواز شریف لائے۔ این اے 125 میں مسلم لیگ (ن) کی تنظیم سازی اور عہدے داروں کا اعلان کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں بھتہ کی 5 سو سے 5 کروڑ تک کی پرچی جا ری تھی، وہاں بھتہ کلچر ختم کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ہم لائیں، بلوچستان کے پہاڑوں سے لوگوں کو واپس لائیں، یہ ہمارا گناہ ہے اور شہباز شریف کا جرم یہ ہے کہ اس نے پنجاب کو بدل دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشرف اور زرداری نے ایک میگاواٹ بجلی پیدا نہیں کی، ہم نے مسئلے کو 100 فیصد نہیں تو 80 سے 90 فیصد حل کر لیا، اب عمران اور زرداری بتائیں کہ انہوں نے اپنے اپنے صوبے میں کیا کیا ہے؟ سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف پر تنقید کرنیوالے مشرف اور زرداری دور میں ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکتے۔ سعد رفیق نے کہا کہ پی ایس ایل کی کرکٹرمخالفت کر رہا تھا، ہم کامیاب پاکستان سپر لیگ سے انڈیا کو آئی پی ایل کا جواب دے رہے تھے۔ علاوہ ازیں ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اقتدارکی ہوس عمران خان اور آصف علی زرداری کے چہروںسے صاف عیاں ہے ،مخالفین ہمیں ہدف تنقید بنائیں لیکن اداروں کو متنازعہ بنانے کی سازش بند کر دیں ،پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے پلے کچھ نہیں اور ان کا سارا کھیل تماشہ 2018ء کے انتخابات میں جانے سے پہلے ہمارے کردار کو داغدار کرنے کی سازش ہے جس میں وہ ناکام رہیں گے۔ عمران خان ہمارے سیاسی مخالف ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی بھلائی کیلئے مشورہ ہے کہ وہ سڑکوں پر دُھول اڑانے کی بجائے خیبرپی کے کی طرف توجہ دیں ۔ انشااللہ نہ صرف حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی بلکہ وزیر اعظم نواز شریف ہی آئندہ عام انتخابات کا اعلان کریں گے ۔