کراچی:حساس اداروں کی مدد سے کارروائی‘ زرداری کے2 قریبی ساتھی بازیاب
کراچی+کوئٹہ(کرائم رپورٹر+ بیورو رپورٹ) سابق صدر ا ور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے دو قریبی ساتھیوں غلام قادر مری اور اشفاق لغاری کوبلوچستان سے بازیاب کرالیا گیا‘ دونوں کو چند ہفتے قبل کراچی اور جامشورو سے اغوا کرلیا گیا تھا۔ پولیس کے اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل کے ایس ایس پی طارق دھاریجو کے مطابق غلام قادر مری اوراشفاق لغاری کی بازیابی حساس اداروں کی مدد سے بلوچستان کے ضلع تربت میں مند کے علاقے سے عمل میں آئی اور دو اغواکاروں کوبھی گرفتارکیا گیا ہے جن سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ بازیاب ہونے والے پانچوں افراد کو کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق اشفاق لغاری سے متعلق اغوا کاروں کو ایک فون کال موصول ہوئی تھی جس کو ٹریس کرنے کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے لاپتا ساتھیوں کی بازیابی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں اداروں نے بازیاب کرایا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ پی پی جرائم پیشہ افراد کو اپنے ساتھ شامل نہیں کر رہی، اگر لوگوں پر سیاسی مقدمات ہیں تو وہ عدالتوں کا سامنا ضرور کریں گے۔ دیہی اور شہری سندھ کی تفریق پیدا کرنے کے تاثر سے کراچی کونقصان ہوا۔ پی پی اس تاثر کوختم کرکے شہر میںامن اور ترقی کیلئے کوشش کرےگی۔ 2018ءپی پی کی جیت کا سال ہو گا۔ پی پی مزید مضبوط اور فعال ہو رہی ہے۔ٹنڈو الہ یار سے نامہ نگار کے مطابق غلام قادر مری کی بازیابی کی خبر ضلع ٹنڈوالہ یار میں پھیل گئی۔ بازیاب کی اطلاع ملتے ہی چمبڑ میں جاری 30 دن سے بھوک ہڑتالی کیمپ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور بھوک ہڑتالی کیمپ میں موجود افراد نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور مٹھائی کھلائی جبکہ انکے آبائی گوٹھ دریا خان مری میں انکی رہائش گاہ پر لوگوں کا ہجوم لگ گیا۔